جنواڑہ نارسنگی میں سڑک تعمیر کے مسئلہ پر ایک ہی فرقہ کے دو گروپس کے درمیان تشدد

   

پولیس کی موجودگی میں اشرار کی دھینگا مشتی، دفعہ 144 نافذ، پولیس کی بھاری جمعیت تعینات
حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) نارسنگی کے علاقہ جنواڑہ میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک گروپ نے دوسرے گروپ پر حملہ کردیا اور دیکھتے ہی دیکھتے تشدد پھوٹ پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے مسئلہ پر ایک ہی فرقہ کے دونوں گروپس میں تشدد پھوٹ پڑا ۔ اس دوران ایک گروپ نے دوسرے طبقہ کے مندر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پتھراؤ کیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی سائبرآباد پولیس کی بھاری جمعیت جنواڑہ پہنچ گئی اور علاقہ میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا اور پولیس نے علاقہ میں سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ زخمی گروپ کے افراد کا الزام ہے کہ انہیں محض دلت ہونے کے سبب نشانہ بنایا گیا اور پولیس کی موجودگی میں اشرار نے خواتین کی پرواہ کئے بغیر مارپیٹ کی اور پولیس تماشائی بنی رہی۔ زخمی گروپس کے افراد کا الزام ہے کہ پولیس کی موجودگی میں پتھراؤ کیا گیا اور کثیر تعداد میں اشرار جمع ہوکر تشدد کرتے رہے۔ زخمی افراد نے کہا کہ آر ایس ایس کے غنڈوں نے منصوبہ بند طریقہ سے حملہ کیا اور ذات کے نام پر رسوا کرتے ہوئے حملہ کیا گیا۔ اس پُرتشدد واقعہ کے بعد مقامی عوام نے موٹکلا پولیس اسٹیشن کے گھیراؤ کی کوشش کی اور خاطیوں کی گرفتاری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔زخمیوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مختلف مقدمات درج کرلیا ہے اور علاقہ میں سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ع