نئی دہلی۔ جنوبی افریقہ خواتین ٹیم اگلے مہینے محدود اوورس کی سیریزکے لئے ہندوستان کا دورہ کر سکتی ہے ۔ انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) اس دورے کی جلد ہی تصدیق کر سکتا ہے ۔ہندوستانی خواتین اور جنوبی افریقی ٹیم کے درمیان پانچ ونڈے اور تین ٹی20 میچ کھیلے جائیں گے ۔حالانکہ اس دورے کی تاریخ اور مقام پر ابھی بحث چل رہی ہے ۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کی پچھلے سال ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد یہ پہلی بین الاقوامی سیریز ہوگی۔کورونا کی وجہ سے معینہ مدت کے قرنطینہ کے پیش نظر یہ دورہ مہینے بھر سے اوپر کی مدت کا ہوسکتا ہے اور بی سی سی آئی کم مقامات پر ہی میچ منعقد کرانے پر غور کررہا ہے ۔یہ بھی ممکن ہے کہ سبھی مقابلے ایک ہی شہر میں منعقد کروائے جائیں۔بی سی سی آئی کے ایک ذرائع نے کہا کہ اس سیریز کے بارے میں بحث جاری ہے اور اس سلسلے میں جلد ہی اعلان کیا جا سکتا ہے ۔بورڈ کرکٹ جنوبی افریقہ کے ساتھ تبادلہ خیال کررہا ہے اور سیریز کی تاریخوں کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔ جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے حالانکہ اس سیریز کے بارے میں ابھی کوئی تصدیق نہیں کی ہے ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم فی الحال پاکستان کے ساتھ گھریلو سیریز کھیل رہی ہے جو تین فروری کو ختم ہوگی۔اس دوران بی سی سی آئی خواتین ٹیم کے اسسٹنٹ اسٹاف کی بھرتی کے لئے جلد ہی اشتہار جاری کر سکتا ہے ۔ڈبلیو وی رمن فی الحال ٹیم کے چیف کوچ ہیں اور نریندر ہروانی ٹیم کے بولنگ کوچ ہیں۔ سبھی اسسٹنٹ اسٹاف کے معاہدے پچھلے مہینے ختم ہوچکے ہیں اور بھرتی کا عمل جلد شروع کی جا سکتا ہے ۔