جنوبی افریقہ نے انگلینڈسے دوسرا مقام چھین لیا

   

دبئی ۔15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا انعام مل گیا اور پروٹیز نے 2 درجے ترقی کرتے ہوئے انگلینڈ کو عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام سے محروم کردیا ہے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ ختم ہونے کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹیموں کی رینکنگ جاری کر دی، جس کے تحت ہندوستانی ٹیم 116ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر موجود تھی لیکن سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کے بعد میزبان ٹیم دو درجہ ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اس کے پوائنٹس 110 ہو گئے ہیں۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے اور چوتھے نمبر پر چلی گئیں اور ان کے پوائنٹس کی تعداد بالترتیب 108 اور 107 ہے۔ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں 1-2 سے شکست کے بعد آسٹریلیائی ٹیم 101 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ایک درجہ گر کر چھٹے سے ساتویں نمبر پر چلی گئی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 88 ہو گئی ہے، جبکہ 91 پوائنٹس کی حامل سری لنکا نے چھٹا مقام سنبھال لی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر موجود ہیں۔