لندن، 3 جولائی (آئی اے این ایس) نیٹ سیور ۔ برنٹ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 40 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ اورآسٹریلیا کے درمیان خطابی مقابلہ ہوگا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور صرف 23 رنز پر تین اہم وکٹیں گرگئیں۔ جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل اور ماریزانے کیپ نے ابتدائی اوورز میں انگلش بیٹنگ کو سخت دباؤ میں رکھا۔ مشکل صورتحال میں نیٹ سیور۔ برنٹ اورکپتان ہیدر نائٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 133 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، جو ٹی20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ سیور ۔ برنٹ نے 75 اور ہیدر نائٹ نے58 رنزکی عمدہ اننگز کھیل کر انگلینڈ کو مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر169 رنز تک پہنچایا۔ جنوبی افریقہ کی نونکولولیکو ملابا اور شبنم اسماعیل نے فی کس دو وکٹیں حاصل کیں۔ 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے محتاط آغازکیا، تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم دباؤ سے نہ نکل سکی۔ اوپنر تزمین برٹس نے 51 رنزکی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن انہیں دوسرے سرے سے کسی بیٹر کا خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔ کپتان لورا وولوارڈٹ 17 رنز بنا سکیں، جبکہ دیگر بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہیں۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی اور انگلینڈ نے 40 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔ انگلینڈ کی جانب سے لارین بیل اور چارلی ڈین نے فی کس دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ سوفی ایکلسٹون، لنزی اسمتھ اور فریا کیمپ نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف گزشتہ دو ورلڈکپ سیمی فائنلز میں ہونے والی شکستوں کا بدلہ بھی چکا دیا۔ اب ٹورنمنٹ کی دو ناقابل شکست ٹیمیں، انگلینڈ اور آسٹریلیا اتوارکو لارڈز میں ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں انگلینڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر عالمی اعزاز برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔