جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کو ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش

   

جوہانسبرگ ۔14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جوہانسبرگ میں منعقدہ تیسرے ٹسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لئے 381 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 273 رنز ہی بناسکی اور انہیں 107 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستانی ٹیم نے چوتھے روز 3 وکٹ پر 153 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو 9 رنز کے اضافے کے بعد ہی بابراعظم 21 رنز بنانے کے بعد اولیئر کا شکار بن گئے، اگلی ہی گیند پر کپتان سرفراز احمد بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ اسد شفیق کی ہمت بھی 65 رنز پر جواب دے گئی۔ فہیم اشرف بھی 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، حسن علی نے 14 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور شاداب خان 47 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ افریقہ کی جانب سے اولیوائر اور رباڈا نے فی کس3 جبکہ ڈیل اسٹین نے 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسری اننگز میں میزبان ٹیم 303 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور پہلی اننگز میں77 رنز کی برتری کی بدولت پاکستان کے لئے 381 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کردیا۔ ڈی کوک 129 اور ہاشم آملہ 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد عباس نے فی کس3 جبکہ محمد عامر 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام رہی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آؤٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے سرفراز احمد 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 کے علاوہ کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا، پروٹیز کی جانب سے اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں ایڈن مارک رام 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے فی کس2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ واضح رہے کہ ابتدائی دونوں ٹسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور جنوبی افریقہ کو تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی تھی۔