جنوبی امریکہ کو تلنگانہ سے فارماسویٹکلس کی سربراہی اور راست پرواز

,

   

پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ونود کمار سے ڈلاس میں چیمبر آف کامرس کی ملاقات

حیدرآباد۔ 14 نومبر (سیاست نیوز) امریکن چیمبر آف کامرس ڈلاس فورٹورتھ شاخ کے نمائندوں نے نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے درخواست کی کہ تلنگانہ سے فارماسویٹکلس پراڈکٹس سربراہ کئے جائیں، اس کے علاوہ ڈلاس تا حیدرآباد راست پروازوں کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ بی ونود کمار جو امریکہ کے دورے پر ہیں، وطن واپسی سے قبل ڈلاس پہنچے جہاں چیمبر آف کامرس نمائندوں نے ملاقات کی۔ چیمبر کے صدر نیل گونوگنٹلہ کی قیادت میں چیمبر وفد نے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے بتایا کہ جنوبی امریکہ میں بڑی تعداد میں این آر آئیز بستے ہیں اور وہ ہندوستان بالخصوص تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے فارماسویٹکلس اشیا میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ حیدرآباد میں تیار ہونے والی اشیاء کی امریکہ میں کافی مانگ ہے۔ پراڈکٹس کی منتقلی کیلئے ایر انڈیا کارگو طیارے کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ونود کمار سے خواہش کی گئی کہ وہ اس سلسلہ میں دلچسپی لیں اور حکومت سے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ ڈلاس فورٹورتھ میں تلگو ریاستوں کے عوام کی کثیر تعداد بستی ہے لہٰذا ڈلاس سے حیدرآباد کو راست پروازوں کا انتظام کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ونود کمار چوں کہ تین مرتبہ ایم پی کی حیثیت سے مرکز کی درآمدات اور و برآمدات کی پالیسی پر عبور رکھتے ہیں لہٰذا انہیں اس پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے تلنگانہ میں امریکی یونیورسٹیز کے قیام کے سلسلہ میں تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر این آر آئیز تلنگانہ مائندے ڈاکٹر دیویا، پی دیاکر و دیگر موجود تھے۔ ونود کمار نے ملاقات کرنے والے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان پراڈکٹس کی سربراہی ایرانڈیا کارگو اور راست پروازوں کے سلسلہ میں حکومت سے بات چیت کریںگے۔