ضلع واری کراپ پلان تیار کرنے عہدیداروں کو وزیر زراعت ناگیشور راؤ کی ہدایت
حیدرآباد ۔26۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے محکمہ زراعت کے عہدیداروں سے کہا کہ اس مانسون سیزن کے لئے معمول سے کم بارش کی آئی ایم ڈی کی پیش قیاسی کے پیش نظر بارش کی پیش قیاسی پر مبنی ضلع واری کراپ پلان تیار کریں۔ کل زراعت ، آئی ایم ڈی ، اسٹیٹ اگریکلچر یونیورسٹی کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ ریاست میں مانسون کی پیش قیاسی پر آئی ایم ڈی سے 15 مئی تک تفصیلی رپورٹس حاصل کی جائیں۔ اس اجلاس میں محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ موجودہ حالات سے اس بات کی پیش قیاسی ہوتی ہے کہ شمالی تلنگانہ میں معمول سے کم بارش ہوگی جبکہ جنوبی تلنگانہ میں بہت کم بارش کا امکان ہے ۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو اس طرح کی تمام انفارمیشن کو ملحوظ رکھتے ہوئے خریف سیزن کے لئے ضلع واری کراپ پلان تیار کرنا چاہئے ۔ ناگیشور راؤ نے دالوں ، باجرہ ، آئیل سیڈس اور ترکاریوں کی کاشت میں کمی پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور عہدیداروں کو ان کے ایکریج میں اضافہ کیلئے توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ان ضروری فصلوں کیلئے دوسری ریاستوں پر انحصار کرنے کے بجائے خود مکتفی ہونا چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھان کی بہت زیادہ کاشت سے مٹی کی زرخیزی گھٹ رہی ہے اور یوریا کے استعمال میں اضافہ بھی ہورہا ہے۔A/K