جنوبی ممبئی کی چھ سیٹوں پر کانگریس ۔ این سی پی اتحاد کو کامیابی کا یقین

   

نئی دہلی ۔ /14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کانگریس کے سربراہ ملنددیورا نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی این سی پی کے ساتھ مل کر میٹروپولیٹن علاقہ کی لوک سبھا کی تمام 6 سیٹ جیت لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت عوامی احساسات اس کی اصل وجہ ہیں ۔ اس کے علاوہ عوام کو بی جے پی اور شیوسینا کے موقع پرستانہ اتحاد سے بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا ممبئی کا یونٹ متحد ہے اوراس مقصد کی وہ لڑائی کررہا ہے ۔ ملنددیورا کو سنجے نروپم کی جگہ گزشتہ ماہ ممبئی کی ریاستی کانگریس کمیٹی کا صدر بنایا گیا ۔ 2014 ء میں کانگریس کو ممبئی کی 6 سیٹوں میں سے ایک بھی سیٹ حاصل نہ ہوسکی تھی ۔ اس علاقہ سے بی جے پی نے تین سیٹ اور شیوسینا نے 3 سیٹوں پر قبضہ کیا تھا ۔دیورا ، جنوب ممبئی سے انتخاب لڑرہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس این سی پی اتحاد نے اس علاقہ کی چھ نشستوں پر دوسری جماعتوں سے زیادہ بہتر امیدوار کھڑے کئے ہیں ۔