جنوبی کوریائی فوج کی علحدہ طور پر جنگ کی باقیات کی تلاش

   

سیول ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کی فوج نے کوریائی جنگ کی باقیات کی علحدہ طور پر تلاش شروع کردی ہے جو بین کوریائی سرحد پر شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا کی اپیل کو مسترد کئے جانے کے بعد شروع کی گئی ہے جبکہ قبل ازیں مشترکہ طور پر تلاشی کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ سیول کی وزارت دفاع نے پیر کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریائی فوجیں زمینی سرنگوں کو ہٹاتے ہوئے فوج کیلئے مختص کردہ علحدگی والے علاقہ میں کھدوائی کام بھی کرے گی۔ یاد رہیکہ دونوں کوریاؤں کے درمیان گذشتہ سال ایک امن معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت جنگ کی باقیات کی مشترکہ دستیابی کو قطعیت دی گئی تھی جو دراصل دونوں کوریاؤں کے درمیان دورخی تعلقات کو خوشگوار بنانے کیلئے کیا گیا تھا خاص کر ایک ایسے وقت جب شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان وسیع ترپیمانے پر نیوکلیئر بات چیت ہوئی تھی تاہم شمالی کوریا نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ماہ فروری میں ویتنام کے شہر ہنوئی میں ہوئی ملاقات کی ناکامی کے بعد جنوبی کوریا کے ساتھ کئے گئے معاہدہ میں دلچسپی کم کردی ہے۔