سیول: جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے ایک شہری کو جان بوجھ کر وزن بڑھانے پر سزا سنائی ہے۔منگل کو سیول کی عدالت نے بتایا کہ ملکی فوج میں ضرورری تربیت یا اپنا کردار ادا کرنے سے بچنے کیلئے 20 کلو وزن بڑھانے والے شہری کو سزا سنائی گئی ہے۔جنوبی کوریا میں ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ فوج میں دیڑھ سال سے 21 ماہ تک ضروری خدمات انجام دے اور صرف ایسے افراد کو غیرفوجی مقامات پر فرائض کی انجام دہی کے لیے بھیجا جاتا ہے جن کو صحت کے مسائل ہوں۔ایسے شہریوں کو یہ عرصہ ویلفیئر سینٹرز اور کمیونٹی سروس سینٹرز میں گزارنا ہوتا ہے تاہم جن افراد کو زیادہ سنجیدہ نوعیت کے صحت کے مسائل ہوں اْن کو فوجی فرائض سے استثنیٰ دیا جاتا ہے۔ سیئول کی مشرقی ڈسٹرکٹ کورٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک کے فوجی سروس کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر مذکورہ شہری کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، یہ سزا فوری طور پر نہیں دی جائے گی اور دو سال کے لیے معطل کی گئی ہے۔عدالت کے مطابق مذکورہ شخص کے ایک قریبی جاننے والے شہری کو بھی ایک سال کی سزا سنائی گئی ہے کیونکہ وہ اس شخص کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کا سبب بنے۔