جنوبی کوریا کا شمالی کوریا پر بیلسٹک میزائل فائر کرنے کا الزام

   

سیول : جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے اتوار کے روز مشرقی سمندر میں ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے مزید تفصیلات بتائے بغیر اتوار کی صبح ایک بیان میں بتایا ’شمالی کوریا نے ایک نامعلوم بیلسٹک میزائل داغا۔‘یہ میزائل لانچ ان رپورٹس کے بعد سامنے آئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پیانگ یانگ آبدوز سے لانچ کیے جانے والے بیلسٹک میزائل فائر کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔جاپان کے ساحلی محافظ نے بھی ٹوکیو کی وزارت دفاع کی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے ممکنہ بیلسٹک میزائل لانچ کی تصدیق کی اور جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت کی۔ کوسٹ گارڈ نے کہا کہ ’بحری جہاز براہ کرم نئی معلومات کے لیے چوکس رہیں اور اگر آپ کو کوئی چیز نظر آتی ہے تو براہ کرم ان کے قریب نہ جائیں بلکہ کوسٹ گارڈ کو مطلع کریں۔‘جاپان کے پبلک براڈکاسٹر نے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ یہ آبجیکٹ جاپان کے خصوصی اقتصادی زون سے باہر گرا ہے۔‘جمعہ کے روز جوہری طاقت سے چلنے والے یو ایس ایس رونالڈ ریگن اور اس کے سٹرائیک گروپ کے جہاز جنوبی بندرگاہی شہر بوسان میں ڈوب گئے تھے جو سیول اور واشنگٹن کی جانب سے خطے میں کام کرنے والے مزید امریکی سٹریٹجک اثاثے رکھنے کی کوشش کا حصہ ہے۔