سیول: جنوبی کوریا میں تحقیقاتی اداروں نے ناکام مارشل لا پر مواخذے کا سامنا کرنے والے صدر یون سک یول کو گرفتار کر لیا ہے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق چہارشنبہ کی صبح تحقیقاتی اداروں نے صدر یون کو کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد گرفتار کیا۔ جنوبی کوریا میں پہلی بار کسی عہدے پر موجود صدر کو بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یون سک یول کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقاتی اداروں کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز نے صدر یون کی گرفتاری کے لیے جاری ہونے والے وارنٹس پر بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے عمل در آمد ممکن بنایا ہے۔ یون سک یول نے گرفتاری سے قبل ایک بیان میں کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی خون ریزی سے بچنے کے لیے تحقیقات میں اداروں کی معاونت کریں گے۔ جنوبی کوریا میں مارشل لا لگانے پر صدر یون کا مواخذہ کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں بغاوت کی تحقیقات کے لیے متعدد بار گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ تاہم اداروں کو اس میں کامیابی نہیں مل سکی تھی۔