امریکہ ، روس اور کینیڈا میں دنیا کا طویل جنگلاتی علاقہ، آلودگی کے خاتمہ کیلئے جنگلات کا تحفظ ضروری
حیدرآباد۔13۔اگسٹ (سیاست نیوز) ماحولیاتی توازن میں جنگلاتی علاقوں کا اہم رول ہوتا ہے ۔ جن ممالک میں جنگلات کی صفائی کا کام کیا جارہا ہے، وہاں ماحولیاتی عدم توازن کے نتیجہ میں موسمی حالات تبدیل ہورہے ہیں۔ مانسون کی ناکامی کے نتیجہ میں زرعی شعبہ کو نقصان کا سامنا ہے۔ جنگلات کی صفائی کے نتیجہ میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ نے ماہرین کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے متحرک کردیا ہے۔ روس ، کینیڈا ، امریکہ اور اسکینڈی نیویا پر محیط Taiga جنگلاتی علاقہ دنیا کا سب سے وسیع و عریض جنگل تصور کیا جاتا ہے جو تقریباً 17 ملین کیلو میٹر پر محیط ہے۔ دنیا کے 10 بڑے جنگلاتی علاقوں اور ان کے احاطہ سے متعلق تفصیلات جاری کی گئیں جن میں 4 اہم ممالک سے گزرنے والا جنگلاتی علاقہ Taiga جسے عرف عام میں Boreal فاریسٹ کہا جاتا ہے، وہ سرفہرست ہے۔ برازیل، پیرو، کولمبیا اور بولویا ممالک پر محیط امیزان رین فاریسٹ علاقہ دوسرے نمبر پر ہے جو 5.5 ملین کیلو میٹر پر محیط ہے۔ کانگو، گیبان اور کیمرون ممالک سے گزرنے والا کانگریس رین فاریسٹ علاقہ 3.7 ملین کیلو میٹر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ دنیا کے 10 بڑے جنگلاتی علاقوں کا تعلق افریقی ممالک کے علاوہ انڈونیشیا ، ارجنٹینا ، ملایشیا ، برازیل ، برونی اور دیگر ممالک سے ہے۔ ماہرین کے مطابق بائیو ڈائیورسٹی کے شبہ میں جنگلاتی علاقوں کا اہم رول ہوتا ہے۔ جنگلات کے تحفظ کے لئے باقاعدہ شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے تاکہ عوام درختوں کی کٹائی اور شہری علاقوں کی توسیع کے ذریعہ جنگلات کو خطرہ پیدا نہ کریں۔ عالمی سطح پر ماحولیاتی توازن کی برقراری اور آلودگی پر کنٹرول کیلئے جنگلات کی برقراری پر توجہ دی جارہی ہے۔1/k/m/b