جنگ اور امن دونوں مشن انجام دینے کی صلاحیت کے حامل

   

عصری امریکی اپاچی ہیلی کاپٹروں کا حصول ، فضائیہ کی طاقت میں اضافہ

پٹھان کوٹ ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے تیار کردہ آٹھ اپاچی ہیلی کاپٹر کو سہ شنبہ کے دن ہندوستانی فصائیہ کے فوجی ہیلی کاپٹروں کے بیڑے میں شامل کیا گیا ۔ اس سے ہندوستان کو بین سرحدی دہشت گردی سمیت جو کئی صیانتی چیلنج درپیش ہیں، ان کے پیش نظر اس کی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوگا ۔ مذکورہ آٹھ ہیلی کاپٹر مشہور کمپنی بوئنگ کے تیار کردہ ہیں اور ہندوستان نے امریکہ سے جو 22 اپاچی اے ایچ 64 ای ہیلی کاپٹروں کے حصول کا کئی بلین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا ، اس کا ایک بڑا حصہ ہیں ۔ یہ معاہدہ 4 سال قبل کیا گیا تھا ۔ 8 اپاچی ہیلی کاپٹروں کو فضائیہ کے بیڑے میں شامل کرنے کے بعد فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنوا نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ جدید تکنیکی مہارت پر مبنی ہیلی کاپٹروں کا حصول ہندوستانی فضائیہ کو عصری بنانے کی طرف اٹھنے والا ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپاچی ہیلی کاپٹر ہندوستانی فضائیہ کی فضائی کارروائی کی صلاحیت کو بڑھادیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ہیلی کاپٹروں کو مغربی حصہ کی کمان کے تحت تعینات کیا جائے گا ۔ آئی اے ایف کی جانب سے پاکستان میں بالا کوٹ کے اندر گھس کر کارروائی کرنے کے بعد آئی اے ایف نے کسی بھی خطرہ سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کا مطالبہ کیا تھا ۔ یہ ہیلی کاپٹر امریکی فوج کے پاس بھی ہیں۔