جنگ بندی پر مکمل عمل کرنے ہند۔پاک کا اتفاق

,

   

نئی دہلی ۔ ہندوستان اور پاکستان نے خطہ قبضہ اور دیگر سیکٹرس میں جنگ بندی کے تمام معاہدوں پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا ۔ آج جاری کردہ مشترکہ بیان کے مطابق جنگ بندی پر مکمل عمل آوری کا چہارشنبہ کی نصف شب سے ہی ہوچکا ہے ۔ دونوں ملکوں کے ڈائرکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنس کے درمیان اجلاس کے بعد یہ اتفاق کیا گیا ۔ ہندوستان اور پاکستان نے سال 2003ء میں جنگ بندی معاہدہ پر دستخط کی تھی لیکن اس معاہدہ پر دونوں جانب سے خاص عمل نہیں کیا گیا ۔ کئی سال تک اس معاہدہ کی خلاف ورزیاں ہوتی رہی ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنس کے اجلاس میں دونوں ملکوں کے فوجی سربراہوں کے درمیان ہاٹ لائن میکانزم قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں جانب آزادانہ ، بے باکانہ اور خو شگوار ماحول میں لائن آف کنٹرول اور دیگر تمام سیکٹرس پر پائی جانے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ دونوں ملکوں کے باہمی مفادات کے حصول کیلئے اس علاقہ میں امن کے قیام پر بھی زور دیا گیا ۔ دونوں ڈائرکٹرس جنرل ملٹری آپریشنس نے 24 اور 25فبروری کی درمیانی شب سے ان تمام معاہدوں کی پاسداری کرنے کا عہد کیا گیا ۔ اس ماہ کے اوائل میں لوک سبھا میں ایک سوال پر تحریری جواب دیتے ہوئے مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا تھا کہ گذشتہ تین سال کے دوران پاکستان سے متصل ہندوستانی سرحد پر جملہ 10,752 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں ۔ جس میں 72 سیکورٹی جوان اور 70 شہری ہلاک ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے کی جانے والی فائرنگ میں 364 سیکورٹی جوان ، 341 شہری زخمی ہوئے ہیں ۔ دونوں فریقوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے درمیان ہاٹ لائن کا انتظام پہلے کی طرح جاری رہے گا اور کسی بھی غلط فہمی کو فلیگ میٹنگ کے ذریعہ حل کیا جائے گا ۔