جنگ بندی کے معاہدے کے بعد بھی اسرائیلی جارحیت جاری،مزید 17فلسطینی شہید

   

غزہ: جنگ بندی کے معاہدے کے بعد بھی اسرائیلی جارحیت جاری ہے، صہیونی فوجیوں نے آگ اور خون کا کھیل جاری رکھتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 250سے زائد مقامات پر دوبارہ بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں 17فلسطینی مزید شہید ہوگئے ہیں، شہید فلسطینیوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کا معاہدہ ہونے کے بعد بھی اسرائیلی توپیں مسلسل بارود اْگل رہی ہیں، خان یونس اور بوریج کے اسکول کو ملبے کا ڈھیر بنادیا ہے، شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کی تعداد 6ہزار 1سو 70 کے قریب ہے، 11سو67 کے قریب خواتین شامل ہیں۔خیال رہے کہ حماس جنگ بندی پر رضامند ہے، قطر میں ہونے والے معاہدے کے بعد بھی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، کل صبح سے قیدیوں کی رہائی کے لیے رفح کراسنگ سے تبادلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب حماس کے رہنما نے کہا کہ اسرائیل سے کوئی بعید نہیں کہ رہا کرنے والے فلسطنیوں کو نشانہ بنائے ، ہم جنگ بندی کرکے ملبے کے نیچے سے لاشوں کو نکالیں گے، تمام اسپتالوں میں ایندھن پہنچانے اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔