جن اوشدھی کے ذریعہ غریبوں کو 3800 کروڑ روپے کی بچت

   

نئی دہلی ۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا نے کہا ہے کہ ‘پی ایم جن اوشدھی پروجیکٹ ’کے نتیجے میں غریب لوگوں کی دواؤں پر خرچ میں 3800 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے ۔ ہفتے کو یہاں ایک ٹویٹ میں یہ اطلاع دیتے ہوئے مسٹر مانڈویا نے کہا کہ جن او شدھی ‘سنجیونی’(زندگی بخش) بن رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سستی اور معیاری ادویات فراہم کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کیا گیا ‘پی ایم جن او شدھی پروجیکٹ’ عوام کے لیے بہت مددگار ثابت ہو رہا ہے ۔ اس کے نتیجے میں مالی سال 2021-22 میں غریب شخص کی دواؤں پر ہونے والے اخراجات میں 3800 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے ۔ پی ایم جن اوشدھی پروجیکٹ کے تحت مالی سال 2021-22 میں کل فروخت 652.67 کروڑ روپے رہی ہے ۔ جینرِک ادویات جن اوشدھی کیندروں پر فروخت کی جاتی ہیں، جن کی قیمت بازار سے کم ہوتی ہے ۔