جن لوگوں نے 420 کا کام کیا، وہ 400 پار کی بات کر رہے ہیں ، پرکاش راج کا طنز

   

ممبئی :مرکز کی مودی حکومت کی پالیسیوں اور بی جے پی قائدین کے بیانات کو اکثر تنقید کا نشانہ بنانے والے جنوبی ہند کے مشہور اداکار پرکاش راج نے ایک بار پھر بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے حالانکہ بی جے پی کا نام تو نہیں لیا ہے لیکن طنزیہ انداز میں ایک بیان ضرور دیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’جن لوگوں نے 420 (فراڈسے متعلق تعزیرات ہند کی دفعہ ) کا کام کیا ہے، وہ آج آئندہ لوک سبھا انتخاب میں 400 سیٹیں جیتنے کی بات کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے سرکردہ قائدین کی طرف سے لگاتار ’اب کی بار، 400 پار‘ کا نعرہ بلند کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی اس نعرہ کے ذریعہ دعویٰ کر رہی ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں این ڈی اے کو 400 سے زیادہ سیٹیں حاصل ہوں گی۔ ساتھ ہی بی جے پی کو کم از کم 370 سیٹیں ملنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔ انہی دعووں کا پرکاش راج نے مذاق اڑایا ہے۔پرکاش راج نے کرناٹک کے چکمنگلور پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے 17 مارچ کو مذکورہ بالا بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’420 کرنے والے ہی 400 سیٹیں لانے کی بات کریں گے۔ چاہے کوئی بھی پارٹی ہو، کانگریس ہو یا کوئی دیگر پارٹی، یہ دعویٰ کرتی ہے تو یہ آپ کے تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘