جواہر نگر اور دیگر 2 بلدیات میں ترقیاتی کاموں کا اروند راؤ نے جائزہ لیا

   

ذخائر آب اور سڑکوں کی تعمیر،پانی کی سربراہی کے لیے 209 کروڑ کا منصوبہ
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے جی ایچ ایم سی، ایچ ایم ڈی اے، حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس اور عوامی نمائندوں کے ہمراہ جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ کا دورہ کیا۔ ناگارم دومائی گوڑہ اور جواہر نگر کے میئرس اور چیرپرسن اس دورہ میں شریک تھے۔ اسپیشل چیف سکریٹری نے تینوں شہری بلدیات میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور نئے کاموں کے آغاز پر بات چیت کی۔ انہوں نے رامکی کمپنی کو ہدایت دی کہ اطراف کے علاقوں میں ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے باہری حدود میں آؤٹر رنگ روڈ کے تحت علاقوں کو پانی کی سربراہی کیلئے 209.63 کروڑ سے انفرااسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ جواہر نگر میں 7 ، دومائی گوڑہ میں 5 اور ناگارم میں 13 ذخائر آب تعمیر کئے جارہے ہیں جن کی لاگت علی الترتیب 6.41 کروڑ، 10.45 کروڑ اور 15 کروڑ ہے۔ تینوں بلدیات میں پائپ لائن نیٹ ورک پر جملہ 177.77 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ اروند کمار نے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ تینوں بلدیات میں مفت پانی کی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنائیں اور ڈمپنگ یارڈ کے سبب زیر زمین پانی کو آلودگی سے بچانے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے تینوں بلدیات میں جملہ 10 لنک روڈس کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لیا جس کی مسافت 26.15 کیلو میٹر ہوگی اور جملہ مصارف 331.8 کروڑ ہوں گے۔ موسلا دھار بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے روکنے کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جارہا ہے اور علاقہ میں 4 بڑی جھیلیں تعمیر کی جائیں گی۔ اروند کمار نے ایچ ایم ڈی اے اور دیگر عہدیداروں کو 4 جھیلوں کی تعمیر کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تینوں شہری بلدیات میں انفرااسٹرکچر کی ترقی کیلئے 20.42 کروڑ سے 9 مختلف کاموں کو منظوری دی گئی ہے۔ر