جوبلی ہلز کے 11 مقامات پر واٹر سمپس کی تعمیر

   

20 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ ، دانا کشور کا دورہ ، مختلف مقامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق دانا کشور نے شہر کے مختلف مقامات پر بارش سے ہونے والے ٹریفک مسائل کا جائزہ لینے کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ خیریت آباد زون اور جوبلی ہلز سرکل کے 11 مقامات پر 10 لاکھ لیٹرس کی گنجائش پر مشتمل سمپس کی تعمیرات کے لیے اراضیات کی نشاندہی کریں ۔ 20 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے موسم برسات کے دوران شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کو دور کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ جن مقامات پر بارش کا پانی ٹھہرنے سے ٹریفک مسائل پیدا ہورہے ہیں اس کی نشاندہی کرتے ہوئے ان مسائل کا مستقل حل برآمد کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے اور مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ایک دوسرے سے رابطہ اور تال میل پیدا کرتے ہوئے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ٹریفک مسائل کی یکسوئی اور عوام کو راحت فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے جس پر آج محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور نے جی ایچ ایم سی اور محکمہ عمارات و شوارع کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں خیریت آباد جنکشن ، راج بھون روڈ پر لیک ویو گیسٹ ہاوز ، سوماجی گوڑہ آر ٹی اے آفس کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کے 11 مقامات پر 10 لاکھ لیٹر گنجائش پر مشتمل سمپس تعمیر کئے جائیں گے جن کی تعمیرات پر 20 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو اراضیات کی نشاندہی کرنے پر زور دیا اور کہا کہ بارش کے وقت یہ پانی سمپوں میں جمع ہوگا بعد ازاں اس پانی کو نالوں میں پمپنگ کرنے کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر جی ایچ ایم سی کے کمشنر زونل کمشنرس ، ایس ای سے ٹیلی کانفرنس کا بھی اہتمام کریں گے ۔۔ 2