جونیئر کالجس میں 68 دن کا تعلیمی منصوبہ، 3 مئی سے امتحانات

   


فرسٹ ایئر کے ناکام طلبہ کو پاس کیا جائے گا، 70 فیصد نصاب پر مشتمل سوالات
حیدرآباد: تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن یکم فروری سے جونیئر کالجس میں 68 دنوں کے کلاسس پر مشتمل تعلیمی منصوبے پر غور کر رہا ہے ۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات توقع ہے کہ 3 مئی سے منعقد کئے جائیں گے ۔ حکومت نے یکم فروری سے نویں جماعت سے باقاعدہ کلاسس کے آغاز کی اجازت دی ہے۔ جونیئر ، ڈگری اور پروفیشنل کالجس میں طلبہ کے لئے کووڈ قواعد کے مطابق کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے فیصلہ کے مطابق جونیئر کالجس میں کلاسس اپریل کے اختتام تک منعقد کی جائیں گی جس کے بعد سالانہ امتحان رہے گا ۔ امتحان سے قبل پریکٹیکل امتحان منعقد ہوگا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن مارچ 2020 کے فرسٹ ایئر انٹر امتحانات میں فیل ہونے والے امیدواروں کو اقل ترین کوالیفائینگ مارکس کے ساتھ کامیاب کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ یکم فروری سے 68 ایام کار میں کلاسس کے اہتمام کی منصوبہ بندی ہے۔ ذرائع کے مطابق جونیئر کالجس کی کشادگی کے بعد فرسٹ ایئر اور سکنڈ ایئر طلبہ کیلئے ایک دن کے وقفہ سے کلاسس کے اہتمام کا منصوبہ ہے۔ پہلے دن سکنڈ ایئر کلاسس ہوں گی اور دوسرے دن فرسٹ ایئر طلبہ کیلئے کلاسس رہیں گی۔ کالجس کے کلاس رومس میں ہر طالب علم کے درمیان 6 فٹ فاصلہ یقینی طور پر رکھا جائے گا۔ ہر کلاس میں 30 سے زیادہ طلبہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے یکم ستمبر 2020 تا 30 اپریل 2021 تک تعلیمی کیلنڈر کو قطعیت دی ہے۔ تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر اس میں مئی کے آخری ہفتہ تک توسیع دی جائے گی ۔ طلبہ کیلئے ٹی سیاٹ نیٹ ورک اور دوردرشن کے ذریعہ آن لائین کلاسس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ انٹر طلبہ کیلئے آن لائین کلاسس کے ذریعہ نصاب کا زیادہ تر حصہ مکمل کرلیا گیا ہے ۔ پرنسپلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ باقاعدہ کلاسس میں مابقی نصاب کی تکمیل کریں۔ امتحانات کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں رہے گی ۔ تاہم طلبہ کو پرچہ سوالات میں زائد آپشن دیئے جائیں گے۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات 70 فیصد نصاب پر مشتمل ہوں گے جبکہ باقی 30 فیصد کی تکمیل اسائنمنٹ اور پراجکٹس کے ذریعہ کی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ آن لائین اور ڈیجیٹل کلاسس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کالجس میں شرکت کیلئے طلبہ کو والدین اور سرپرستوں کی جانب سے رضامندی مکتوب حوالے کرنا لازمی رہے گا ۔ لہذا کلاسس میں شرکت میں دلچسپی نہ رکھنے والے طلبہ کیلئے آن لائین کلاسس جاری رہیں گی۔ 30 فیصد نصاب کی تکمیل کیلئے طلبہ کو ایک یا دو اسائنمنٹ آف پراجکٹ کی تکمیل کرنی ہوگی۔ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ مارچ 2020 ء انٹرمیڈیٹ امتحانات میں فرسٹ ایئر میں ناکام تمام طلبہ کو پاس کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلہ میں بورڈ نے منصوبہ کو قطعیت دے کر منظوری کیلئے حکومت کو روانہ کیا ہے۔ اس فیصلہ سے فرسٹ ایئر میں ناکام 1.92 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ ریاستی حکومت نے گزشتہ سال اڈوانس سپلیمنٹری امتحانات کو منسوخ کردیا تھا اور سکنڈ ایئر کے ناکام طلبہ کو اقل ترین نشانات کے ساتھ کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ کمپارٹمنٹل زمرہ میں انہیں پاس کیا گیا۔ فرسٹ ایئر کے ناکام طلبہ کو کوالیفائینگ مارکس کے ساتھ کمپارٹمنٹل زمرہ میں پاس کرنے کا منصوبہ ہے۔