جوہانسبرگ ۔جنوبی افریقہ کے خلاف کارگزار کپتان کے ایل راہول کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کسی قدر ناکام ہوا ہے جیسا کہ تادم تحریر میزبان فاسٹ بولروں نے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن چائے کے وقفہ تک ہندوستان کے سرفہرست 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھادی ہے اور اسکور بورڈ پر صرف 146/5 رنز درج ہے اور اس اسکور میں بھی راہول کی نصف سنچری شامل ہے ۔پہلی وکٹ کیلئے راہول اور مینک اگروال نے محتاط شروعات کرتے ہوئے 14.1 اوورس میں 36 رنز بنائے ۔اس موقع پر اگروال 37 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 26رنز بنائے ۔اس کے بعد افریقی بولروں نے 49 رنز پر دوسری اور تیسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کو ایک بڑے اسکور کیلئے بہتر شروعات سے باز رکھا جیسا کہ اس موقع پر چیٹشورپچارا 3 اور اجنکیا راہانے 0 پر آوٹ ہوئے۔ان دو نقصانات کے بعد راہول اور ہنوما وہاری نے چوتھی وکٹ کے لئے 42 رنز کی ایک اہم پارٹنر شپ نبھائی۔اس جوڑی کو ربادا نے وہاری کو آوٹ کرتے ہوئے توڑا ۔وہاری نے 53 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 20 رنز اسکور کئے۔چائے کے وقفے سے قبل افریقہ کی ٹیم کو سب سے بڑی وکٹ راہول کی شکل میں ملی۔جینسن نے راہول ربادا کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔راہول نے آوٹ ہونے سے قبل 133 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 50 رنز اسکور کئے۔اولی ور اور جینسن نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔