ممبئی : فلمی نغمہ ’چودھویں کا چاند ہو یا آفتاب ہو، جو بھی ہو تم خدا کی قسم لاجواب ہو‘ سے شہرت پانے والے شکیل احمد 3 اگست 1916 ء کو اُتر پردیش کے بدایوں قصبے میں پیدا ہوئے ۔ ان کا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے تھا۔ والد جمیل احمد سوختہ قادری بدایونی ممبئی کی مسجد میں خطیب اور پیش امام تھے اس لیے شکیل کی ابتدائی تعلیم اسلامی مکتب میں ہوئی۔اردو، فارسی اور عربی کی تعلیم کے بعد مسٹن اسلامیہ ہائی اسکول بدایوں سے ڈگری حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کیلئے شکیل 1932 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخل ہوئے ۔ انہوں نے انٹر کالج، انٹر یونیورسٹی کے مشاعروں میں حصہ لینا شروع کیا اور مسلسل ان مشاعروں کو اپنے نام کیا۔شکیل احمد علی گڑھ سے بی۔ اے کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1942 میں دہلی میں سنٹرل گورنمنٹ میں محکمئہ سپلائی میں کلرک کی حیثیت سے نوکری کی۔ اس کے بعد وہ فروری1946 ایک مشاعرے کے سلسلے میں بمبئی گئے جہاں ان کی ملاقات مشہور فلم ساز عبدالحفیظ کاردار سے ہوئی۔ اس دوران انہوں نے مختلف مشاعروں میں حصہ لیا، شکیل بدایونی کا محض 53 سال برس کی عمر میں 20 اپریل 1971 کو ممبئی میں انتقال ہوگیا۔