جگدیش ریڈی ‘ نرنجن ریڈی و پرشانت ریڈی نے وزارتی ذمہ داری سنبھالی

,

   

تعلیم ‘ زراعت اور ٹرانسپورٹ شعبوں کو مثالی ترقی دینے ریاستی وزرا کا عہد ۔ چیف منسٹر سے اظہار تشکر

حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کے تین وزرانے آج سیکریٹریٹ پہونچ کر عہدوں کا جائزہ حاصل کرلیا۔ وزراء جگدیش ریڈی، نرنجن ریڈی اور ویمولہ پرشانت ریڈی نے جائزہ حاصل کیا۔ ای دیاکر راؤ امکان ہے کہ کل جمعہ کو جائزہ حاصل کریں گے جس کیلئے تمام تیاریوں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ آج صبح 10 بجے جگدیش ریڈی نے سیکریٹریٹ ڈی بلاک میں انہیں مختص چیمبر نمبر 237 میں وزیر تعلیم کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم کو محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں نے مبارکباد پیش کی جبکہ پارٹی کارکنوں اور قائدین کی کثیر تعداد مبارکباد دینے والوں میں شامل رہی۔ جگدیش ریڈی نے دوسری مرتبہ کابینہ میں موقع فراہم ہونے پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کی توقعات پر کھرا اُترنا اور حکومت کے مشن کو پورا کرنا ان کی اولین ترجیحات رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی سماج کیلئے اہم ہے اور تعلیم کے فروغ اور ترقی کیلئے چیف منسٹر نے جو منصوبہ تیار کیا ہے، اس کو پورا کیا جائیگا۔ تحریک تلنگانہ کے وقت کے سی آر کے ذہن میں تعلیم کے متعلق جو نظریہ تھاکے جی سے پی جی تک جو منصوبہ تیار کیا گیا تھا، آج اس پر عمل آوری جاری ہے ۔ ریاست کے اقامتی اسکولس کی ملک بھر میں نظیر نہیں ملتی۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ایک ادارہ سے نکل کر دوسرے کے چکر لگانے اور اسنادات لے کر گھومتے کو ختم کرکے کے جی تا پی جی مشن کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ریاست کو تعلیم کے میدان میں سرفہرست مقام دلانا اور کے سی آر کے مشن کو پورا کرنا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر زراعت کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد نرنجن ریڈی نے کہا کہ وزیر زراعت کی حیثیت سے ان کا جائزہ حاصل کرنا قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست میں حکمرانوں نے تلنگانہ کے زرعی شعبہ کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا اور زرعی شعبہ عملاً ختم ہوچکا تھا۔ برقی و پانی کی عدم سربراہی کے سبب کسان خودکشی پر مجبور تھے۔ 14 سال طویل جدوجہد کے بعد علیحدہ ریاست حاصل کرنے والے کے سی آر نے مثالی اقدامات کے ذریعہ زرعی شعبہ کو غیرمتوقع ترقی دلائی ۔ اراضیات کو سیراب کرنے اور فصلوں کیلئے سازگار ماحول کے ذریعہ کے سی آر نے ثابت کردیا کہ زبانی وعدے نہیں بلکہ عمل ہی اصل ترقی ہے ۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری ندی پر ایک بھی پراجیکٹ کی تعمیر عمل میں نہیں لائی گئی لیکن آج کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر جاری ہے۔ نرنجن ریڈی نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کا تیقن دیا اور کہا کہ وہ چیف منسٹر کی توقعات کو عملی اقدامات سے پورا کرینگے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ ہاؤزنگ، روڈ اینڈ بلڈنگ کی حیثیت سے وی پرشانت ریڈی نے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے انہیں مختلف محکموں کی وزارت قلمدان مقرر کرنا بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے ان پر بھروسہ کو وہ پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے علاوہ آر ٹی سی کے مسائل ہوں یا پھر روڈ اور بلڈنگ ہوں اور ہاؤزنگ کے مسائل ہوں یا پھر ترقیاتی اقدامات تمام محکموں کے بہترین تال میل سے مثالی اقدامات کئے جائیں گے۔ مختلف محکموں کے عہدیداروں نے ریاستی وزیر کو مبارکباد پیش کی۔