جگدیپ کے انتقال سے فلم انڈسٹری ایک اور نگینہ سے محروم، امیتابھ و دیگر کا خراج

   

ممبئی ۔بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن نے کامیڈین جگدیپ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی موت سے فلم انڈسٹری ایک اور نگینہ سے محروم ہوگئی ہے۔ امیتابھ بچن نے جگدیپ کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔امیتابھ نے کہا :متعدد فلموں میں ان کے ساتھ کام کرنے کا اُنہیں اعزاز حاصل ہوا جن میں شعلے اور شہنشاہ شامل ہیں۔ وہ ایک شائستہ شخصیت کے مالک تھے جنہیں لاکھوں لوگوں کا پیار ملا۔ میری دعائیں اور عقیدت ان کیلئے‘‘۔وہیں اداکار انل کپور، رنویر سنگھ، ایوشمان کھرانا، سنجے مشرا سمیت دیگر نے بھی جگدیپ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔رنویر سنگھ نے اپنے انسٹاگرام پر جگدیپ کی تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے انوکھے انداز میں نظر آرہے ہیں۔ اداکار انیل کپور نے جگدیپ کو یاد کرتے ہوئے ہندوستان کے عظیم فنکاروں میں سے ایک بتایا ہے۔ایوشمان کھرانا نے لکھا ’’انڈسٹری میں آپ کا تعاون ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ ہمیں ہنسانے کیلئے شکریہ۔ واضح رہیکہ جگدیپ جعفری کی آج جنوبی ممبئی کے مجگاؤں علاقہ میں واقع رحمت آباد قبرستان میں بعد نماز ِظہر تدفین عمل میں آئی۔ اس موقع پر افراد ِ خاندان کے علاوہ عزیز و اقارب موجود تھے۔