جہیز ہراسانی پر بیوی کی موت ، شوہر کو 7سال قید کی سزا

   

حیدرآباد ۔ 23جولائی ( سیاست نیوز) بیوی کو ہراساں کرنے اور زائد جہیز کیلئے اذیت پہنچاتے ہوئے بیوی کی موت کا سبب بننے والے شوہر کو عدالت نے 7 سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ ایل بی نگر کی ایک عدالت نے آج سال 2014ء کے ایک مقدمہ میں فیصلہ سنایا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس مہیشورم نے اس سلسلہ میں چارج شیٹ داخل کی تھی جس کی بناء پر عدالت نے 27سالہ شیخ مجاہد کو سزا سنائی ہے ۔ مجاہد 20سالہ افسر جبین کا شوہر تھا ۔ افسر جبین کی والدہ 43سالہ افسر بیگم نے مجاہد اور اس کے افراد خاندان کے خلاف شکایت درج کروائی تھی ۔ شادی کے وقت مجاہد کو دو لاکھ نقد رقم ساڑے دس تولہ سونا ، 45تولہ چاندی ، موٹر سیکل و دیگر اشیاء دیئے گئے تھے ۔ شادی کے چند روز بعد مجاہد اپنی بیوی کو ہراساں و پریشان کرنے لگا اس کے اجنبی خاتون سے ناجائز تعلقات پیدا ہوگئے تھے اور اس بات کا علم افسری کو ہوگیا تھا اور اس دن سے متوفی خاتون کی ہراسانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ نشہ کی حالت میں گھر پہنچ کر مجاہد اکثر اپنی بیوی سے جھگڑا کرتا تھا اور اسے مارپیٹ کا نشانہ بناتا تھا ۔ اپنے سہاگ کی فکر میں خاتون ہراسانی کو برداشت کرتی گئی اور اس نے ناجائز تعلقات کے بارے میں افراد خاندان کو بتادیا ۔ باوجود اس کے شوہر کی حرکتوں میں تبدیلی نہیں آئی ۔ 19اپریل 2014 کی اولین ساعتوں میں افسر جبین نے اپنے مائیکے فون پر بات کی اور درمیان میں فون بند کردیا ۔ اسی دن پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ مہیشورم پولیس نے شکایت کے بعد مکمل تحقیقاتی رپورٹ کو آج عدالت میں پیش کردیا جہاں عدالت نے سات سال کی سزا اور پانچ ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ۔