جیلر 2 کی ایڈوانس بکنگ میں دھوم، 22 لاکھ ٹکٹ فروخت

   

چنئی، 13 اکتوبر (ایجنسیز) تمل سنیما کے سوپر اسٹار رجنی کانت کی آنے والی فلم جیلر2 نے ریلیز سے قبل ہی باکس آفس پر زبردست ہلچل پیداکردی ہے۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ میں 22 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، جبکہ ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم 42 کروڑ روپے سے تجاوزکرگئی ہے۔ فلم کے متعلق شائقین میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اورکئی مقامات پر شوزکی بکنگ تیزی سے جاری ہے۔نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی جیلر2، رجنی کانت کی مقبول فلم ’جیلر‘ کا سیکوئل ہے۔ پہلی فلم کی کامیابی کے بعد اس کے دوسرے حصے سے بھی شائقین کو کافی توقعات وابستہ ہیں۔ فلم میں رجنی کانت کے ساتھ ودیا بالن، متھن چکرورتی، موہن لال، شیوا راج کمار اور جیکی شراف سمیت کئی معروف اداکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ معروف فنکاروں کی موجودگی نے بھی فلم کے تئیں دلچسپی بڑھا دی ہے۔سیکنلک کے اعداد و شمارکے مطابق 13 اکتوبر کو سہ پہر تک فلم کی ایڈوانس بکنگ سے بلاک نشستوں سمیت 42.61 کروڑ روپے حاصل ہوئے، جبکہ بلاک نشستوں کو نکالنے کے بعد یہ رقم36.91 کروڑ روپے رہی۔ رپورٹ کے مطابق 15 سے 18 اکتوبر تک کے شوزکے لیے مجموعی طور پر 22.12 لاکھ ٹکٹوں کی بکنگ ہوئی، جن میں بلاک نشستیں بھی شامل ہیں۔ ملک بھر میں فلم کے لیے 21,731 شوزکی بکنگ درج کی گئی، جبکہ 760 شوز پہلے ہی ہاؤس فل ہوچکے تھے۔ریاستوں کے لحاظ سے تمل ناڈو میں فلم کو سب سے زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔ یہاں 10,266 شوز کے لیے بلاک نشستوں سمیت 24.52 کروڑ روپے کی ایڈوانس بکنگ ہوئی۔ رجنی کانت کی تمل فلمی صنعت میں مقبولیت کے پیش نظر ریاست میں فلم کی ریلیزکو اہم قرار دیا جارہا ہے۔کیرالا میں بھی شائقین کی دلچسپی نمایاں ہے، جہاں ایڈوانس بکنگ کی مجموعی رقم 6.27 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔