بی جے پی ناکام، بلدیاتی نتائج اسمبلی انتخابات پر ہرگز اثرانداز نہیں ہوں گے
حیدرآباد ۔14 فبروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بلدیاتی نتائج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران کانگریس پارٹی اپنی توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہیں کی۔ پارٹی آفس تلنگانہ بھون میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی محنت کے سبب بی آر ایس نے شاندار مقابلہ کیا اور کئی بلدی اداروں میں جیت کے امکانات برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 سے زائد بلدیات پر کامیابی کی توقع کی جارہی تھی مگر 17 بلدیات پر پارٹی نے بہتر مظاہرہ کیا ہے اور معلق بلدیات پر بھی خصوصی نظر رکھی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی صدر اور اعلیٰ قیادت کی انتخابی مہم کے باوجود پارٹی ایک بھی بلدیہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی اور گزشتہ انتخابات کی بہ نسبت اس مرتبہ بی جے پی کے وارڈس کی تعداد بھی گھٹ گئی ہے۔ کے ٹی آر نے دعویٰ کیا ہیکہ بلدیاتی انتخابات میں بی آر ایس نے اطمینان بخش کارکردگی دکھائی اور کئی اضلاع میں پارٹی نے سخت مقابلہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات میں پیسہ پانی کی طرح بہایا ہے۔ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کیا ہے۔ باوجود اس کے بی آر ایس کے گلابی سپاہیوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات عموماً برسراقتدار جماعت کے حق میں جاتے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایکس آفیسو (معاون ارکان) سے متعلق قواعد واضح نہیں ہے اور عہدیداروں کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے ۔ فارمولا ای ریس کے مسئلہ پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ابھی تک چار مرتبہ طلب کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے ہر بار تعاون کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ یہ کوئی ٹھوس کیس نہیں ہے اور عوام تمام سیاسی حالات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر انہیں جیل بھی بھیج دیں تو بھی وہ نہیں ڈریں گے۔ پارٹی قیادت حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کا پردہ فاش کرتے رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نتائج آئندہ اسمبلی انتخابات میں ہرگز اثرانداز نہیں ہوں گے۔2