جینت چودھری کی بی جے پی سے اتحاد کی تصدیق

   

نئی دہلی: راشٹریہ لوک دل کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن جینت چودھری نے اگلے عام انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کیساتھ مل کر انتخابات لڑنے کا اپنا منصوبہ واضح کر دیا ہے ۔یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس سلسلے میں بی جے پی کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں الیکشن لڑنے کی تصدیق کرتے ہیں جب وزیر اعظم نریندر مودی نے میرے دادا اور سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو بعد از مرگ ’’بھارت رتن‘‘ دینے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ چودھری نے اس کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کسان لیڈر آنجہانی چرن سنگھ کو بھارت رتن سے نوازے جانے کو مزدوروں، کسانوں اور استحصال زدہ طبقے کے لوگوں کیلئے اعزاز قرار دیا ہے ۔آر ایل ڈی نے 2009میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد میں اتر پردیش میں الیکشن لڑا تھا۔ اس وقت انہیں پانچ سیٹیں ملی تھیں، لیکن انہوں نے 2014اور 2019 کا الیکشن بی جے پی کے خلاف لڑا تھا اور وہ باغپت کی اپنی روایتی سیٹ بھی نہیں بچا سکے تھے ۔