جی او 69 کے فوری نفاذ اور عمل آوری کا مطالبہ

   

نارائن پیٹ کے مختلف قائدین کی ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی سے نمائندگی

نارائن پیٹ ۔ 30 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی نارائن پیٹ ڈاکٹر چٹم پرنیکا ریڈی نے اے آئی سی سی سکریٹری سی ڈبلیو سی ممبر و سابق رکن اسمبلی وشی چندریڈی اور متحدہ ضلع محبوب نگر کے ارکان اسمبلی ینم سرینواس ریڈی، جی مدھو سدھن ریڈی، واکٹی سری ہری اور سابق صدر ضلع کانگریس پارٹی کے شیوکمار ریڈی کے ہمراہ سکریٹریٹ میں ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی سے ملاقات کی اور زیر التواء جی او 69 کے فوری نفاذ اور اس جی او پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ جی او 69 جو نارائن پیٹ، کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم جو سابق میں کانگریس حکومت نے سابق ریاستی چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں منظوری دی گئی تھی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اس جی او کو ملتوی کرتے ہوئے پالمور، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم کو نافذ کیا تھا۔ نارائن پیٹ، کوڑنگل کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ ہے کہ جی او 69 پر عمل آوری کے ذریعہ نارائن پیٹ، مکتھل اور کوڑنگل کی زرعی اراضیات کو کرشنا ندی سے سیراب کیا جائے اور اس جی او کے نفاذ سے ان تین حلقوں کی ایک لاکھ زرعی اراضی نہ صرف سیراب ہوگی بلکہ یہاں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔ ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی نے ان ارکان اسمبلی کو تیقن دیا اور مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور بہت جلد جی او 69 کے احیاء کیلئے احکامات جاری کئے جائیں گے۔