جی ایچ ایم سی انتخابات میں تاخیر کیوں ؟

   

دپیکا امیراپو
ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے اور اس نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کروانے کا اعلان کیا لیکن یہ انتخابات گزشتہ ایک سال سے تاخیر کا شکار ہیں۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر اس تاخیر کی وجہ کیا ہے ؟ آپ کو بتادیں کہ حکومت نے بلدیہ کی معیاد ختم ہونے کے بعد بلدی اداروں کا نظم چلانے کیلئے فوری طورپر کمشنروں کا تقرر کردیا تھا لیکن انتخابات کے اعلامیہ کے اعلان میں مسلسل تاخیر کی جارہی ہے ۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ جاریہ سال کے اوائل میں سارے تلنگانہ میں بلدی انتخابات منعقد کروائے گئے اور ان میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی جس کے بعد بھی کانگریس حکومت کی جانب سے عظیم تر مجلس بلدیہ حیدرآباد ( جی ایچ ایم سی ) کے انتخابات کے انعقاد میں غیرمعمولی تاخیر نے کابینہ ، پارٹی ارکان اور عام شہریوں میں بے چینی پیدا کردی ہے ۔ اس دوران پانی اور بجلی کی ضروریات میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے آخری انتخابات ڈسمبر 2020 ء میں منعقد ہوئے جس کے بعد منتخب کونسلرس نے 5 سالہ معیاد پوری کی ۔ یہ معیاد 10 فبروری 2026 ء کو ختم ہوگئی ۔ اس کے دوسرے ہی دن حکومت تلنگانہ نے کور اربن ریجن ( انٹیگریٹیڈ گورنس ) ایکٹ 2026 ء کے تحت بلدیاتی ڈھانچہ کی ازسرنو تنظیم کرتے ہوئے GHMC کو تقسیم کردیا اور بلدی کارپوریشنوں کی ساخت میں تبدیلی کردی ۔
فبروری سے ہی بلدی انتخابات کے جلد انعقاد کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کانگریس حکومت نے جی ایچ ایم سی اور اوٹر رنگ روڈ (ORR) کے حدود میں آنے والی 27 بلدیات کو تین بلدی کارپوریشنوں میں تقسیم کردیا ہے جس میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن GHMC ،سائبر آباد میونسپل کارپوریشن (CMC) اور ملکاجگری میونسپل کارپوریشن (MMC) شامل ہیں۔ یہ تینوں کارپوریشنس فی الحال کور اربن ریجن ( مربوط حکمرانی ) ایکٹ 2006 ء کے تحت کام کررہی ہیں ۔ نئی تشکیل شدہ GHMC کا رقبہ تقریباً 689 مربع کلومیٹر ہے اگرچہ ریاستی حکومت نے منتخب نمائندوں کی معیاد ختم ہونے کے بعد بلدی اداروں کا انتظام چلانے کیلئے فوری طورپر کمشنران اور اسپیشل آفیسر کا تقرر کردیا تھا لیکن اس کے باوجود بلدی اداروں کے انتخابات کے اعلامیہ کے اجراء میں بار بار تاخیر کی جارہی ہے لیکن ڈسمبر میں منعقد ہونے والی انویسٹ تلنگانہ سمیٹ کے پیش نظر کانگریسی قائدین نے دی پرنٹ کو بتایا کہ اس بات کا کوئی یقین نہیں ہے کہ حیدرآباد کی ان تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کے ساتھ ساتھ کھمم اور ورنگل کے بلدیاتی انتخابات بھی رواں سال منعقد ہوپائیں گے یا نہیں ۔
بلدی انتخابات کیلئے کون سی جماعتیں تیار ہیں : نہ تو پارٹی کارکنان ہیں اور نہ ہی حکومت کارپوریشن کے انتخابات کرانے کیلئے تیار نظر آتی ہیں۔ بی آر ایس اور بی جے پی سخت مقابلہ کرنے کی تیاری کررہی ہیں ایسے میں کانگریس کو اپوزیشن جماعتوں کو شکست دینے کیلئے عوام سے کئے گئے اپنے وعدوں اور Guaranties پوری کرنے ہوں گے کیونکہ پچھلے انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں نے شاندار مظاہرہ کیا تھا ۔ یہ بات تلنگانہ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی نے بتائی ۔
آخری مرتبہ جی ایچ ایم سی کے عہدہ میئر پر کانگریس کا نمائندہ 2009 ء اور 2012 ء کے درمیان منتخب ہوا تھا اور یہ بات متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم سے پہلے کی ہے اس وقت ملک کے اس قدیم ترین پارٹی نے میئر کا عہدہ مجلس اتحادالمسلمین کے ساتھ شیئر کیا۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد جو جی ایچ ایم سی انتخابات منعقد ہوئے ان میں کانگریس تقریباً صفر تک پہنچ گئی تھی ۔ 2016 ء اور 2020 ء کے جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کو صرف دو دو نشستوں پر کامیابی ملی ۔
جی ایچ ایم سی انتخابات کو لیکر بعض کانگریس ارکان اسمبلی بہت ہی پُراُمید ہیں ۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہمیں نہ صرف جی ایچ ایم سی کے مجوزۃ انتحابات بلکہ ورنگل اور کھمم بلدی کارپوریشنوں کے انتخابات میں بہتر سے بہتر مظاہرہ کی توقع ہے جو روایتی طورپر کانگریس کے گڑھ یا قلعے رہے ہیں ۔ اُن لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے ریاست میں 70 ہزار نوجوانوں کو ملازمتیں دی ہیں اور 2027 ء کے گریجویٹ حلقوں کے انتخابات بھی ہمارے حق میں ہوں گے ۔ کانگریس کے ایم ایل سی وینکٹ بالمور کے مطابق وہ اس بات کی پیش قیاسی نہیں کرسکتے کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کا انعقاد کب عمل میں آئے گا لیکن جلد یا تاخیر سے مگر منعقد ضرور ہوں گے ۔
واضح رہے کہ بی آر ایس کے بانی و سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے 2014 اور 2018 ء میں اقتدار میں آتے ہی بلدی انتخابات کروائے تھے ۔ دوسری طرف بلدی کارپوریشنوں کے انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کو حکمت عملی پر مبنی تاخیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خصوصی حکمت عملی پر مبنی چنندہ Political Pause ہے ۔ وینکٹ پالمور اور دیگر کانگریس لیڈران کا کہنا ہیکہ کانگریس دیہی اور نیم شہری تلنگانہ میں مستحکم ہے فی الوقت اپنی ساختی ، اقتصادی اور مقننہ میں اپنے مقام کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے کیونکہ اُسے دارالحکومت حیدرآباد میں منقسم اور جارحانہ رائے دہندوں کا سامنا ہے ۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسسٹ پروٹیکشن ایجنسی کے اقدامات اور ہزاروں کی تعداد میں عدالت میں جاری مقدمات نے GHMC کو تین بلدی کارپوریشنوں میں تقسیم کا کانگریس کو کچھ فائدہ نہیں ہوگا ۔ سیاسی مبصرین جن میں نندوری ورا پرساد بھی شامل ہیں اُن کا کہنا ہے کہ شہری رائے دہندے بنیادی سہولتوں اور انفراسٹرکچر کے مسائل پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔ بڑے شہری ترقیاتی منصوبوں میں مقامی سطح پر ہونے والی تاخیر اور بلدی انتظامیہ کے خلاف عوامی ناراضگی میں مسلسل اضافہ نے چیف منسٹر کو انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور کیاہے۔
کانگریس کے اندرونی ذرائع بھی عوامی ناراضگی کو تسلیم کرتے ہیں اُن کے مطابق حالیہ ال نینو کے اثرات کے باعث کھیت بورویل اور آبی ذخائر خشک ہوگئے ہیں جس سے شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر پر دباؤ بڑھتا ہے اس کے علاوہ شہری علاقوں میں اندراماں مکانات کی تعمیر اور تقسیم کا عمل سست ہونے کے باعث شہر میں کانگریس کا ووٹ بینک مزید غیرمستحکم ہوگیاہے۔ اس صورتحال نے کانگریس قائدین کی جارحانہ انتخابی مہم کو بھی روک دیا ہے ۔ پارٹی قائدین اپنے اپنے انتخابی حلقوں کا دورہ کرنے سے گریز کررہے ہیں اور عوامی رابطہ مہم کو صرف مخصوص علاقوں تک محدود رکھا گیا ہے ۔ اس کے باوجود آج جی ایچ ایم سی کا انتخابی میدان انتہائی سخت مقابلہ کا مرکز بنا ہے جہاں کئی سیاسی جماعتیں اپنی قسمت آزمارہی ہیں ۔ آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کی جنا سینا پارٹی بھی انتخابی میدان میں اُترنے کی تیاری کررہی ہے ۔ اُن کے انتخابی میدان میں اُترنے سے آندھرا سے تعلق رکھنے والے آبادکاروں کے ووٹ بھی انتخابی سیاست میں ایک اہم عنصر بن گئے ہیں۔