کمشنر کا مختلف شعبوں کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد:مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں بلدی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کا عملی طور پر آغاز کردیا گیا ہے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آج جی ایچ ایم سی کے مختلف شعبوں کے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس طلب کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور شہر کے مختلف زونس اور ڈیویژنس کے لئے نوڈل آفیسرس کے ناموں کو قطعیت دی گئی ہے اور کہا جار ہا ہے کہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ذمہ داریاں بھی تفویض کی جاچکی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے بلدی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لئے جانے کے بعد کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس طلب کرتے ہوئے تیاریوں کے آغاز کی ہدایات کے بعد شہر حیدرآباد میں انتخابی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہونے کا امکان ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مسٹر لوکیش کمار کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے طلب کئے گئے اجلاس کے دوران موجود عہدیداروں کو مراکز رائے دہی ‘ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے علاوہ دیگر امور کو قطعیت دینے کی ہدایات دی گئی ہیں اور انہیں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل تمام امور کو مکمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے بلدی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کی صورت میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو انتخابی تیاریوں کی ضرورت باقی نہ رہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مسٹر لوکیش کمار نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں جاری ترقیاتی کاموں کو تیزی سے تکمیل کرنے کے علاوہ فوری حل طلب مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کاموں کا بھی آغاز کرنے کی ہدایت دی ہے۔