جی 20،زندگیوں اور معیشت کی حفاظت اولین ترجیح:سعودی

,

   

ریاض ۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ کورونا کے اثرات سے زندگیوں اور معیشت کی حفاظت سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے۔ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اس سال جی 20 کانفرنس کورونا وبا کے باعث ہنگامی حالات میں ہو رہی ہے۔ وبا نے زندگی کے مختلف شعبوں میں بہت سی سرگرمیوں کو معطل کر ڈالا ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب نے جس لمحے جی 20 کی قیادت سنبھالی تب سے اس نے شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی ہدایت پر جامع اور اعلیٰ پروگرام تیارکیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جی 20 کے قائد کی حیثیت سے درپیش چیلنجوں کا مقابلہ عزم، حوصلے، صلاحیت اور مستقل مزاجی سے کیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ جی 20 کا سعودی پروگرام سہ نکاتی ہے۔ دنیا بھر کے انسانوں کو با اختیار بنانا، کرہ ارض کا تحفظ اور نئے افق کی تشکیل ہے۔سعودی عرب نے سہ نکاتی پروگرام اقوام عالم خصوصا خواتین اور نوجوانوں کو ترقی وخوشحالی کا خوب پورا کرنے والے مناسب حالات فراہم کرنے کی خاطر تیارکیا ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مملکت کی پہلی ترجیح انسانی جانوںکی سلامتی اورکورونا وبا کے نقصانات سے معیشت کو بچانا ہے۔ مملکت نے عام لوگوں کو مسائل سے بچانے والی پالیسوں پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے لوگوں کی سلامتی یقینی بنانے اورکورونا وباکو پھیلنے سے روکنے کے لئے برادر اور دوست ممالک اور مخصوص تنظیموں کے ساتھ ملک کر تمام ضروری انتظامات کئے ہیں۔