حادثے سے ہائی وے کا تقریباً 300 میٹر کا حصہ متاثر ہوا۔ ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
جے پور: یہاں جے پور-اجمیر قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح کیمیکل سے لدے ٹرک کے کچھ دوسری گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد آگ لگنے کے ایک بڑے واقعے میں پانچ افراد زندہ جل گئے اور 37 زخمی ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ میں لگ بھگ 30 ٹرک اور دیگر گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
پولیس کمشنر بیجو جارج جوزف نے پی ٹی آئی کو بتایا، ’’پانچ افراد کی موت ہو گئی ہے اور 37 زخمی ہیں‘‘۔
راجستھان کے وزیراعلیٰ نے ہسپتال کا دورہ کیا۔
راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما نے ایس ایم ایس ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں زخمیوں کو داخل کیا گیا ہے، اور وہاں ڈاکٹروں سے بات کی۔ انہوں نے زخمیوں کے مناسب علاج کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
شرما نے جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا۔
ایکس پر ہندی میں ایک پوسٹ میں، وزیر اعلی نے کہا، “جے پور-اجمیر قومی شاہراہ پر گیس ٹینکر میں آگ لگنے کے واقعہ میں ہلاکتوں کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی میں ایس ایم ایس ہسپتال گیا اور وہاں کے ڈاکٹروں کو فوری ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے اور زخمیوں کی مناسب دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو کا کام جاری ہے۔
بھنکروٹا کے ایس ایچ او منیش گپتا نے کہا کہ آگ پر قابو پانا بہت مشکل تھا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جلنے والی گاڑیوں تک نہ پہنچ سکیں۔ متاثرہ علاقے میں تین پیٹرول پمپ تھے لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ ہیں۔
پچیس سے زائد ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
حادثے سے ہائی وے کا تقریباً 300 میٹر کا حصہ متاثر ہوا۔ ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔