یروشلم : اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں نے حالیہ برسوں میں دنیا بھر میں اسرائیلیوں اور یہودیوں پر 50 سے زائد ایرانی دہشت گرد حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔یروشلم پوسٹ نے گیلنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے حکم سے حالیہ برسوں میں ایران نے دہشت گردی کی ایک بے مثال عالمی مہم کی قیادت کی ہے۔ اس مہم میں پوری دنیا میں اسرائیلیوں اور دیگر یہودیوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ حالیہ برسوں میں یہودیوں پر حملوں کی ایسی 50 سے زیادہ کوششیں ہو چکی ہیں جن کو ناکام بنا دیا گیا۔ ان میں سے اکثریت کو عمل درآمد کے آخری لمحات میں ناکام بنایا گیا۔گیلنٹ نے کہا ان حملوں کو اسرائیل کی دفاعی اسٹیبلشمنٹ کی بدولت اور بہت سے بیرونی ملکوں کے ساتھ قریبی تعاون کی وجہ سے ناکام بنایا گیا۔ خیال رہے اسرائیل اور ایران سرد جنگ سے مشابہ ایک طویل اور خفیہ جنگ میں مصروف ہیں۔ اس جنگ میں ایک دوسرے پر تخریب کاری اور قتل کی سازشوں کے الزامات بھی لگائے جاتے ہیں۔ دونوں ملکوں نے خفیہ کارروائیوں، انٹیلی جنس جنگوں اور پراکسی تنازعات کے ذریعہ اپنے قومی سلامتی کے مفادات کو مسلسل آگے بڑھایا ہے۔