حبیب نگر میں روڈی شیٹرس کو سرگرمیوں کے خلاف سخت انتباہ

   

حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) حبیب نگر پولیس نے روڈی شیٹرز کے خلاف آہنی شکنجہ تیار کرلیا ہے اور کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کے خلاف سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ہے۔ حبیب نگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر شیواچندرا نے رات 9 بجے کے بعددکھائی دینے پر روڈی شیٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ گذشتہ دنوں اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد انسپکٹر شیوا چندرا نے آج علاقہ کے روڈی شیٹرز کو طلب کیا اور انہیں پابند کردیا کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں علاقہ میں خاموش رہیں اور بہتر شہری کی زندگی بسر کرنے کی کوشش کریں۔ شہر کے مغربی علاقہ میں حبیب نگر پولیس اسٹیشن حدود میں کمتر اور جرائم میں ابتر مانا جاتا ہے اور اس پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹرز جرم کی دنیا میں کافی مقبولیت رکھتے ہیں۔ حالیہ دنوں دو روڈی شیٹرز کی گرفتاری کے بعد ان کی سلامتی کے تعلق سے پیش آئے پولیس اسٹیشن پر دھرنے کے واقعہ میں انسپکٹر کا تبادلہ کردیا گیا تھا اور امرت ریڈی کے مقام پر شیواچندرا کو مقرر کیاگیا ہے۔ حبیب نگر انسپکٹر شیواچندرا نے بتایا کہ آج روڈی شیٹرز کو طلب کیا گیا تھا اور ان کی کونسلنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر پولیس حیدرآباد نے انہیں جس بھروسہ سے یہ ذمہ داری دی ہے وہ اس پر کھرا اتریں گے اور کہا کہ روڈی شیٹرز کو قابو میں کرنے کی خصوصی ہدایت انہیں حاصل ہے۔ انسپکٹر حبیب نگر نے بتایا کہ روڈی شیٹرز حبیب نگر، قیصر عرف چور قیصر، یوسف عرف جنگلی یوسف، لطیف، کریم عرف چور کریم، تبریز خاں، سمیع الدین عرف شمو، صادق، رمیش عرف چنٹو، بنڈارو وینکٹیش عرف بوجی، شیخ یوسف، دیپک، کمار یادو، سوریہ پرکاش، عثمان و دیگر کو طلب کیا گیا تھا اور انہیں اس بات کیلئے پابند کردیا کہا گیا ہے کہ علاقہ میں کسی بھی قسم کی غیرسماجی حرکتوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی دوسرے علاقوں میں کسی بھی قسم کی مداخلت اور معاملہ فہمیوں اور سرگرمیوں کو قبول کیا جائے گا بلکہ سخت کارروائی کی جائے گی۔