حج :بنگلہ دیش ، سری لنکا کیلئے خصوصی مراعات ختم

   

نئی دہلی۔7جون(سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے اب حجاج کرام اور بنگلہ دیش و سری لنکا جانے والوں کے لئے الگ سے خصوصی پاسپورٹ بنانے کی مراعات ختم کردی ہے ۔حال ہی میں جاری گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق پاسپورٹ ایکٹ 1980 میں پاسپورٹ ایکٹ 1967 کے تحت ترمیم کی گئی ہے جس میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور سعودی عرب کے دوروں کیلئے علیحدہ پاسپورٹ بنانے کے ضمنی قوانین کو ختم کردیا گیا ہے ۔ نئے پاسپورٹ قوانین میں ، درخواست فیس آن لائن لینے کے بارے میں باضابطہ التزام کیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے لئے الگ سے پاسپورٹ زیادہ تر حج پر جانے والے زائرین بنوایا کرتے تھے جس کی میعاد آٹھ ماہ کی ہوتی تھی۔ اسی طرح سری لنکا کیلئے بننے والے پاسپورٹ کی مدت چار سال تھی اور بنگلہ دیش کے لئے بنائے گئے پاسپورٹ کی میعاد تین سال تھی۔ تمل ناڈو کے لوگوں کو یہ سہولت شمالی سری لنکا اور مغربی بنگال ، آسام ، میگھالیہ اور تریپورہ سے بنگلہ دیش میں اپنے رشتہ داروں کی عیادت اور ملاقات کیلئے دی گئی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں پاسپورٹ بنانے کے سسٹم میں کی گئی تبدیلیوں سے لوگوں کو کم سے کم وقت میں آسانی سے ایک عام پاسپورٹ مل جاتا ہے ۔ اس سے لوگوں کو راحت ملی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے پاسپورٹ سسٹم کو ہم آہنگ کرنے کے لئے مذکورہ بالا فیصلہ لیا ہے ۔ اس فیصلے سے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی یا تکلیف نہیں ہوگی۔ ایک ہی پاسپورٹ رکھنے والے افراد انہیں صرف ایک مقصد کیلئے محدود سفر کی بجائے کہیں بھی اور کسی بھی مقصد کے لئے آنے استعمال کرسکیں گے ۔