حج درخواستوں کے ادخال کیلئے حج ہاؤز میں کاؤنٹرس میں اضافہ کی ضرورت

   

حیدرآباد ۔22 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2027 کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 24 جولائی ہے اور آخری دو دنوں میں درخواست گزاروں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے درخواستوں کے آن لائین ادخال کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے عازمین حج استفادہ کر رہے ہیں۔ اب جبکہ آن لائین ادخال کیلئے محض دو دن باقی ہیں ، حج ہاؤز میں خصوصی کاؤنٹرس کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ کئی درخواست گزاروں نے شکایت کی کہ محض ایک کاؤنٹر ہونے کے سبب فارم کے ادخال کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ حج کمیٹی حکام سے اس بارے میں نمائندگی کی گئی لیکن کاؤنٹرس کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ درخواست گزاروں کا تعلق شہر کے دور دراز علاقوں سے ہے اور انہیں فارم داخل کرنے کیلئے گھنٹوں انتظار کی زحمت کے سبب مشکلات کا سامنا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سے درخواست گزاروں نے اپیل کی ہے کہ آخری دو دنوں میں زائد اسٹاف کو تعینات کرتے ہوئے درخواستوں کے آن لائین ادخال کو یقینی بنائیں۔ اسی دوران حج 2027 کیلئے تلنگانہ سے ابھی تک تقریباً 10,000 درخواستیں داخل ہوچکی ہیں۔ عام طورپر درخواست گزار آخری ایام میں حج کمیٹی کا رخ کرتے ہیں، لہذا حج ہاؤز میں زائد کاؤنٹرس کی ضرورت ہے ۔ دوسری طرف عازمین حج کیلئے پاسپورٹ 31 ڈسمبر 2027 تک کارکرد ہونا ضروری ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے ریجنل پاسپورٹ آفیسر کی عدم موجودگی کے سبب پاسپورٹ کی تجدید (رینیول) کیلئے عازمین حج کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ پاسپورٹ آفس میں 150 سے زائد درخواستیں ز یر التواء ہیں ، جن کے فوری یکسوئی کی درخواست کی گئی ہے۔ اگر آئندہ دو دنوں میں پاسپورٹ کا رینیول نہیں کیا گیا تو کئی افراد درخواستوں کے ادخال سے محروم ہوسکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے قرعہ اندازی 30 جولائی کو مقرر کی۔1/k