تلگو ریاستوں کے 3081 حجاج کرام کی واپسی
محفوظ زمرہ کے تحت 4 خواتین کو حج کی سعادت
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کا حج کیمپ 2022 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جملہ 3081 حجاج کرام نے جاریہ سال حج اکبر کی سعادت حاصل کی۔ حجاج کرام کا آخری قافلہ کل رات مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوا جس کے ساتھ ہی حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ پر حج آپریشن کی تکمیل ہوئی ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے کیمپ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے تمام امبارگیشن پوائنٹس میں حیدرآباد کی سہولتیں مثالی رہی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے بھی تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔ محمد سلیم نے بتایا کہ تلنگانہ کے 2171 جبکہ آندھرا پردیش کے 910 حجاج کرام کی واپسی ہوئی اور تمام بخیر و عافیت وطن واپس ہوئے۔ حج 2022 کیلئے تلنگانہ میں 4598 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جبکہ مرکزی حکومت نے 1822 کا کوٹہ الاٹ کیا تھا۔ قرعہ کے ذریعہ 1818 حجاج کا انتخاب کیا گیا اور 4 خواتین نے بغیر مَحرم محفوظ زمرہ کے تحت حج کی سعادت حاصل کی۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت 909 اور حکومت کے کوٹہ کے تحت 22 نشستیں منظور کی گئیں۔ 13 خادم الحجاج کو روانہ کیا گیا تھا۔ 595 درخواست گذاروں نے اپنا سفر منسوخ کردیا۔ صدر نشین حج کمیٹی کے مطابق مکہ مکرمہ میں عزیزیہ میں رہائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ سعودی ایر لائنس کی 9 خصوصی پروازوں کے ذریعہ روانگی اور واپسی کا عمل مکمل ہوا ہے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے 1615 مرد اور 1466 خواتین حجاج کرام نے سفر کیا۔ محمد سلیم نے تمام سرکاری محکمہ جات سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حجاج کرام کیلئے انتظامات کی نگرانی کی۔ ر