حج ہائوز کو کورنٹائن سنٹر کے طور پر استعمال کرنے مرکز کی تجویز

   

عمارت میں سرکاری دفاتر، حج ہائوز وقف عمارت، کورنٹائن سنٹر کیلئے موزوں نہیں
حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے ملک کے تمام حج کمیٹیوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حج ہائوز کی عمارتوں کو کورنٹائن سنٹر میں تبدیل کرنے سے متعلق تجاویز طلب کی ہیں۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے ریاستی حج کمیٹیوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حج ہائوز کی عمارتوں میں گنجائش کے بارے میں استفسار کیا گیا۔ ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلائو کو دیکھتے ہوئے حکومت زیادہ سے زیادہ کورنٹائن سنٹرس قائم کرنا چاہتی ہے۔ سرکاری ہاسپٹلس کے علاوہ سرکاری اداروں کی بڑی عمارتوں میں ایسے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو بھی اس سلسلہ میں مکتوب وصول ہوا جس میں حج ہائوز نامپلی کی رہائشی گنجائش کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ حج ہائوز کی عمارت تلنگانہ وقف بورڈ کی ملکیت ہے لہٰذا اس مسئلہ کو وقف بورڈ سے رجوع کردیا گیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ نے حج ہائوز کو کورنٹائن سنٹر میں تبدیل کرنے کی تجویز سے اختلاف کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں واضح کردیا کہ حج ہائوز کورنٹائن سنٹر کے لیے موزوں عمارت نہیں ہے۔ لہٰذا اس کا استعمال کورونا وائرس کے کورنٹائن سنٹر کے لیے نہیں کیا جاسکتا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے تلنگانہ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر کے علاوہ جوائنٹ سکریٹری وزارت اقلیتی امور نئی دہلی، سکریٹری سنٹر وقف کونسل، چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا، سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مکتوب کی نقل روانہ کی ہے۔ 14 مارچ کو مرکزی وزارت اقلیتی امور نے مکتوب روانہ کیا تھا۔ وقف بورڈ نے وضاحت کی ہے کہ حج ہائوز کی عمارت وقف جائیداد ہے جس میں ہر سال حج کی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ تلنگانہ میں عازمین حج کے لیے علیحدہ حج ہائوز تعمیر نہیں کیا گیا۔ حج ہائوز کی عمارت میں پہلی، دوسری، تیسری اور ساتویں منزل پر وقف بورڈ کے دفاتر ہیں۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر، اقلیتی فینانس کارپوریشن، اردو اکیڈیمی اور تلنگانہ حج کمیٹی کے دفاتر موجود ہیں۔ رزاق منزل کی عمارت میں موجود کمرے کورنٹائن سنٹر کے لیے موزوں نہیں ہیں کیوں کہ مختلف منزلوں پر اقلیتی اداروں کے دفاتر کام کررہے ہیں جنہیں منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے حج ہائوز کی عمارت کو کورنٹائن سنٹر کے قیام سے مستثنیٰ قرار دینے کی خواہش کی ہے۔