حج 2020ء کے عازمین کو رقم کی واپسی کا فیصلہ

,

   

حیدرآباد۔ 5 جون (سیاست نیوز) حج 2020ء کے انعقاد کو غیر یقینی دیکھتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود احمد خان نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے صدفیصد رقم کی واپسی کی اطلاع دی۔ سرکولر میں 13 مارچ 2020ء کو سعودی حکام کی جانب سے موصولہ اطلاع کا حوالہ دیا گیا جس میں حج 2020ء کے انتظامات کو روکنے کی اطلاع دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حج 2020ء کی تیاریوں کے سلسلہ میں صرف چند ہفتے باقی ہیں۔ سعودی حکام نے مزید پیشرفت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔ حج کمیٹی کو عازمین کی جانب سے مختلف معلومات اور تشویش کے سلسلہ میں کالس وصول ہورہے ہیں۔ لہٰذا حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2020ء کا سفر منسوخ کرنے کے خواہاں عازمین کو اب تک ادا کی گئی صدفیصد رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رقم کسی بھی کٹوتی کے بغیر واپس کردی جائے گی۔ حج سفر منسوخ کرنے کے خواہشمند عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائٹ پر موجود کنسلیشن فارم بھرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا کو میل کریں ساتھ میں پاس بک یا کینسل شدہ چیک کی کاپی روانہ کریں۔ ای میل
ceo.hajcommittee@nic.in
پر روانہ کرسکتے ہیں۔