حج 2024 میں جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال

   

ممبئی: حج 2024 کے لیے خدام الحجاج کا تربیتی کیمپ کے ساتھ حج سیزن کاآغازہوگیا ہے اور اس موقع پر سکریٹری مرکزی وزارت برائے اقلیتی امورکے سری نواسن نے کہاکہ امسال حج 2024 جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اور سہولیات کے ساتھ اداکیا جائے گااوراس مرتبہ حکومت کی ہرممکن کوشش ہوگی کہ حجاج کرام کو قدم قدم پربہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرائی جائیں،تاکہ انہیں دوران حج کسی بھی طرح کی دشواری نہ پیش آئے ۔سکریٹری نے مزید کہاکہ اس موقع پرخدام الحجاج کی ذمہ داری اور اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے ۔اس لیے ان سے سبھی کی امیدیں بڑھ جاتی ہیں ،یعنی حکام اور ظاہری بات ہے حاجی صاحبان امیدوں سے بھرپور ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں گزشتہ مہینے سے وزارت اقلیتی امور سے وابستہ ہوں اور حاجیوں کی خدمت کرنے کے سلسلے میں چندماہ قبل ایک عزیزدوست نے میرے بارے میں تحریری طورپر پیش گوئی کی تھی کہ مجھے فروری 2024 کے آخری ہفتے میں ایک اہم ترین ذمہ داری سونپی جائے گی اور مدینہ منورہ کی مقدس سرزمین پہنچ کر پیشانی جھکانے پر مجھے اس بات کو احساس ہوگاکہ اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے اس کے مہمانوں کی خدمت کی شکل میں کتنی بڑی ذمہ داری سونپی ہے ۔”اس قبل جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل محمد شاہد عالم نے اپنی 45 منٹ طویل تقریر میں امسال حج بیت اللہ میں مہیا کرائی جانے والی سہولیات اورہندوستان تا جدہ اور مدینہ اور واپسی کے دوران پیش آنے والی آسانیوں اور دشواریوں سے خدام الحجاج کو مطلع کیا اور مزید کہاکہ امسال حج سویدھا نامی ایپ کو مزید جدید ترین ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے ،اس ایپ کو خدام اور عازمین حج کو اپنے موبائل میں ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا تاکہ انہیں لمحہ لمحہ کی اطلاع فراہم ہوسکے ۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں شاہراہوں اور ٹریفک کی متعلق معلومات کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ۔
اس ایپ میں قونصلیٹ کے افسران اور حج کمیٹی کے عہدیداران کے راپطہ نمبراور دیگر امور کی تفصیل بھی مہیا کرائی گئی ہے ، امسال ایک خادم حجاج کے زیرنگرانی صرف دو سو حاجی ہوں گے جبکہ پہلے چارسو افراد ایک گروپ میں شامل ہوتے تھے ۔انہوں نے ہندوستانی ہوائی اڈوں ،مختلف ہوائی جہازوں اور بیرون ملک سعودی عرب میں حاصل سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔جبکہ دواؤں اور تمباکو کی کم سے کم مقدار لے جانے اور ہوائی جہازمیں چالیس کلوگرام سے زائد سامان نہ لے جایا جائے اور واپسی میں اپنے کسی بھی سامان میں آب زم زم الگ سے نہیں لائیں۔شاہد عالم نے مشورہ دیا کہ سعودی عرب میں حفاظتی اقدامات سے کھلواڑ نہ کیا جائے اور نہ کسی سیکورٹی افسر یا اہلکار سے کسی نااتفاقی پر الجھا جائے ۔ابتداء میں حج کمیٹی کے چیف ایکزیکٹیو افسر لیاقت آفاقی نے خدام الحجاج کے حج تربیتی کیمپ کے بارے میں تفصیل پیش کی اور قونصل ج تک محمد شاہد عالم کا تعارف پیش کیا اور کہاکہ سی جی آئی کی حیثیت سے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔جوائنٹ سکریٹری وزارت اقلیتی امور(حج) سی پی ایس بخشی نے بھی خطاب کیااور حج 2024 کے متعلق بھر پور میں تفصیل پیش کی اور یقین دلایا کہ حج 2024 ایک مثالی حج ثابت ہوگا۔انہوں نے حجاج کرام اور خدام الحجاج کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کیں۔