حج 2024 میں 543 عازمین حج کیلئے رباط کی سہولت

   

ناظر رباط حسین محمد الشریف کی کامیابی مساعی، 29 اپریل کو حیدرآباد میں قرعہ اندازی کا امکان

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2024 میں سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کیلئے رباط کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے سعودی حکام سے مشاورت کرتے ہوئے 543 عازمین کو قیام کی سہولت کی تصریح حاصل کرلی ہے۔ ناظر رباط نے جاریہ سال حج کے موقع پر سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کو قیام کی سہولت کیلئے شخصی طور پر مساعی کی اور انہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ رباط میں قیام کی سہولت ملنے پر فی عازم تقریباً 50,000 روپئے کی بچت ہوگی ۔ رباط کی سہولت کیلئے عازمین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ ہوگا جو توقع ہے کہ 29 اپریل کو حیدرآباد میں ہوگی۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف کے مطابق سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج میں سے رباط میں قیام کیلئے 543 کا انتخاب کیا جائے گا۔ قرعہ اندازی مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائے گی۔ انہوں نے رباط کی سہولت کے سلسلہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں کی مساعی کو سراہا ہے، جنہوں نے ناظر رباط سے مسلسل ربط میں رہتے ہوئے رباط کے انتظامات کی نمائندگی کی۔ حسین محمد الشریف کے مطابق عازمین حج کے لئے جس عمارت کا انتخاب کیا گیا ، وہاں پکوان کی سہولت رہے گی۔ رباط کی عمارت حرم شریف سے قریب رہے گی اور حج کمیٹی کی عمارتوں سے متصل ہے ۔ حرم کیلئے عمارت سے دو منٹ کے فاصلہ پر بس اسٹیشن موجود ہے۔ رباط کی عمارت سے تین منٹ کے فاصلہ پر حج مشن کا آفس ہے اور پانچ منٹ کے فاصلہ پر میڈیکل سنٹر کی سہولت رہے گی۔ عازمین حج پیدل مسافت طئے کرتے ہوئے ان سہولتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ رباط کی سہولت کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب نے کئی شرائط نافذ کئے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق ریاست حیدرآباد کے تلنگانہ ، مہاراشٹرا اور کرناٹک سے تعلق رکھنے والی 45 اضلاع کے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا۔ 2019 میں آخری مرتبہ رباط کی سہولت فراہم کی گئی تھی ۔ 2020 اور 2021 میں کورونا وباء کے سبب ہندوستانی عازمین حج کو سفر کی اجازت نہیں تھی۔ مکہ مکرمہ میں رباط کی قدیم عمارت کو توسیعی منصوبہ میں منہدم کردیا گیا ۔ 1