65 سال کے عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب، جاریہ سال موثر انتظامات کی منصوبہ بندی، خسرو پاشاہ ، محمد علی شبیر اور دوسروںکی شرکت
حیدرآباد ۔19۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2025 کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی سہولت کا آج تلنگانہ حج کمیٹی میں آغاز ہوا۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے آن لائین درخواستوں کے ادخال کیلئے قائم کردہ خصوصی کاؤنٹرس کی سہولت کا افتتاح کیا ۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر ، صدرنشین اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم قریشی اور صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان نے کاؤنٹرس کا معائنہ کیا اور حج کمیٹی کی جانب سے درخواست گزاروں کیلئے فراہم کی جارہی خدمات کی ستائش کی۔ مولانا صادق محی الدین فہیم نے دعا کی۔ حج کمیٹی کی جانب سے درخواست گزاروں کی سہولت کیلئے ہر سال کی طرح خصوصی کاؤنٹرس کے قیام کے فیصلہ کی عوام نے ستائش کی اور پہلے ہی دن بیشتر افراد درخواستیں داخل کرنے کیلئے پہنچے۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حج 2024 کے تجربات کی روشنی میں حج 2025 کے لئے موثر انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تلنگانہ کے عازمین حج کو سعودی عرب میں کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال 65 سال عمر کے عازمین کو اپنے ساتھ ایک مددگار کو لے جانے کی سہولت دی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال تک 70 سال عمر کے عازمین کو یہ سہولت تھی۔ انہوں نے کہا کہ 65 سال عمر کے عازمین کے کور کے تحت 5 افراد فریضہ حج پر روانہ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں جو دشواریاں پیش آئیں ، اس کے پیش نظر وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ضعیف افراد کو تنہا روانہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ لاکھوں کا ہجوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آئے گا اور ان کے کور کے تحت موجود دیگر 4 افراد بھی ڈرا کے بغیر منتخب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہے اور درخواست گزاروں کے پاس انٹرنیشنل پاسپورٹ ضروری ہے جس کی میعاد 26 ستمبر 2026 تک ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حج کیلئے ابھی 8 ماہ باقی ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ذریعہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ مولانا خسرو پاشاہ نے بتایا کہ ریاستی حج کمیٹیوں کے اگزیکیٹیو آفیسرس کا اجلاس کل ممبئی میں طلب کیا گیا ہے جہاں تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے بہتر انتظامات کیلئے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا سے خواہش کی گئی ہے کہ تلنگانہ عازمین حج کی رہائشی عمارتوں کے بارے میں ایک ماقبل اطلاع دی جائے تاکہ حج کمیٹی کے ذمہ دار اپنے خرچ پر سعودی عرب پہنچ کر عمارتوں کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کو دیگر ریاستوں کے بجائے صرف تلنگانہ کے عازمین کی خدمت تک محدود رکھا جانا چاہئے ۔ خسرو پاشاہ نے کہا کہ شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کو ایک ساتھ ایک ہی فلائیٹ میں روانہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران ایک ہی عمارت میں رہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جب بھی صدور نشین حج کمیٹیوں کا اجلاس طلب ہوگا ، وہ ان مسائل پر نمائندگی کریں گے ۔ حج 2025 ء کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے بہتر انتظامات کے نتیجہ میں گزشتہ سال دیگر ریاستوں کے 6000 عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران عازمین کی بہتر خدمت کیلئے حج کمیٹی کے ارکان کو روانہ کرنے کی تجویز ہے جو حج ادا نہیں کریں گے بلکہ صرف عازمین حج کی خدمت میں مصروف رہیں گے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت سے اظہار تشکر کیا جس نے حج کمیٹی کے بجٹ میں اضافہ کیا اور انتظامات میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ 1