خاتون درخواست گذاروں کیلئے 9 ڈسمبر تک آن لائن درخواستوں کی وصولی
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2025 کیلئے 500 نشستیں مَحرم زمرہ کے تحت مختص کی ہیں۔ اس زمرہ کے تحت صرف وہی خواتین درخواست دے سکتی ہیں جو پاسپورٹ کی عدم موجودگی یا دیگر وجوہات کے سبب درخواستیں نہیں دے سکیں۔ ایسی خواتین جن کے مَحرم حج کیلئے منتخب ہوچکے ہیں اور وہ بھی فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہاں ہیں انہیں بھی مَحرم زمرہ میں درخواست داخل کرنے کی گنجائش رہے گی۔ گذشتہ سال حج کے موقع پر مَحرم کی غیر موجودگی کے سبب خاتون حجاج کرام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایسی خواتین کو فریضہ حج کا موقع فراہم کرنے کیلئے مَحرم زمرہ میں 500 نشستوں کو مختص کیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نظیم احمد کے مطابق ایسی خواتین جنہوں نے اس سے قبل حج کا فریضہ ادا نہیں کیا ہے چاہے حج کمیٹی آف انڈیا یا خانگی حج گروپ کے ذریعہ ہوں وہ درخواست دینے کی اہل ہوں گی۔ مَحرم زمرہ میں خواتین کو حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ http://hajcommittee.gov.in پر آن لائن درخواستیں داخل کرنی ہوں گی۔ حج درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 9 ڈسمبر ہوگی اور ہاتھ سے لکھی یا ٹائپ شدہ درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ درخواست گذار کے پاس انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیئے جو 15 جون 2026 تک کارکرد ہو۔ درخواست گذار کو پاسپورٹ کے پہلے اور آخری صفحہ کو اَپ لوڈ کرنا ہوگا۔ حالیہ پاسپورٹ سائز فوٹو، ایڈریس پروف اور مَحرم سے رشتہ سے متعلق دستاویزی ثبوت پیش کیا جانا چاہیئے۔ دستاویزات کے بغیر درخواستوں کو مسترد کردیا جائے گا۔ ایک کور کے تحت زیادہ سے زیادہ 5 عازمین کی گنجائش رہے گی۔ ایسے کور میں جہاں پہلے سے پانچ عازمین موجود ہوں اُس کیلئے درخواست قابل قبول نہیں ہوگی۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو ویریفکیشن کے بعد ایسی درخواستوں کی سفارش کیلئے 11 ڈسمبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا میرٹ کی بنیاد پر اور نشستوں کی دستیابی کی بنیاد پر درخواستوں پر غور کرے گی۔ اگر درخواستوں کی تعداد دستیاب کوٹہ سے زیادہ ہو تو ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن یعنی قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا۔1