حرمین شریفین کا آڈیو سسٹم پُرسکون عبادت کے ماحول میں مددگار

   

مکہ مکرمہ ۔ 20 اکٹوبر (ایجنسیز) مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویؐ مدینہ منورہ کے آڈیو سسٹمز ایک مربوبط تیکنیکی نیٹ ورک پر مشتمل ہیں جس کا مقصد محض آواز پہنچانا نہیں بلکہ ایسا واضح اور مستحکم صوتی ماحول فراہم کرنا ہے جس سے زائرین کو سکون اور روحانی ماحول میں عبادات کی ادائیگی میں مدد مل سکے۔ یہ نظام اس بات کو یقینی بناتا ہیکہ اذان، نماز، خطبات، اور دینی دروس موثر طریقہ سے پہنچ سکیں۔ مسجد الحرام کا ساؤنڈ سسٹم اپنی نوعیت کے بڑے سسٹمز میں سے ایک ہے۔ یہ توسیع شدہ حصوں، صحنوں، راہداریوں اور ارد گرد کے علاقوں سمیت تقریبا 6 لاکھ 50 ہزار مربع میٹر رقبہ کو کور کرتا ہے۔ساؤنڈ سسٹم کو منظم و موثر بنانے کیلئے توسیعی حصوں، صحنوں، راہداریوں اور مسجد الحرام کے اطراف میں 8 ہزار سے زائد جدید ترین لاوڈ سپیکرز نصب کیے گئے ہیں۔صوتی نظام کی نگرانی اور آپریشن کیلئے 120 انجینیئرز اور فنی ماہرین 24 گھنٹے کام کرتے ہیں جبکہ آئمہ، موذنین اور خطبا کی آواز اور دروس کے سلسلے کو جامع انداز میں رکھنے اور ریکارڈنگ کیلئے 100 کے قریب مائیکروفون موجود ہیں۔
یہ نظاٹ 21 آٹومیٹک ساؤنڈ ایکولائزر پر مشتمل ہے جن کے ذریعہ مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں آواز کی سطح کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ مختلف مقامات پر قائم کنٹرول رومز متعلقہ ٹیموں کو نظام کی کارکردگی پر نظر رکھنے اور کسی بھی صورتحال میں فوری کارروائی کے قابل بناتے ہیں۔صوتی نظاموں کی مسلسل نگرانی اور دیکھ بھال کیلئے باقاعدہ پروگرامز ہیں جن میں کنٹرول رومز، آلات اور اسپیکرز میں نصب حساس مائیکروفونز کی نمازوں کے بعد باقاعدہ جانچ کی جاتی ہے۔مسجد نبوی کا ساؤنڈ سسٹم تین بنیادی حصوں پر مشتمل ہے مرکزی سسٹم، متبادل اور ہنگامی سسٹم۔ یہ ترتیب نظام کی قابلِ اعتماد کارکردگی اور امام و موذن کی آواز کے ساتھ خطبات اور علمی دروس کی مسلسل ترسیل کو یقینی بناتی ہے۔