حرم مکّی: آب زمزم کے 10 ہزار نئے کُولروں کی فراہمی

   

مکہ مکرمہ۔5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے رمضان کی تیاری کے سلسلے میں زائرین کیلئے مسجد حرام کا باب ملک عبدالعزیز کھول دیا ہے۔ یہ اقدام مرمت اور دیکھ بھال کا کام ختم ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔اس کے علاوہ حرم شریف میں زمزم کے پانی کے 10 ہزار نئے واٹر کولر فراہم کیے گئے ہیں۔ اس طرح روزانہ استعمال میں آنے والے واٹر کولروں کی مجموعی تعداد 25 ہزار ہو گئی ہے۔ حرم مکی میں زمزم کیلئے ماربل کی بنی 650 ٹنکیاں اور 216 اسٹیل کے ٹینک بھی کام کر رہے ہیں۔خدمات سے متعلق امور کے سربراہ محمد الجابری کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اپنی انتہائی کوششیں صرف کر رہی ہے تا کہ مسجد حرام کا رُخ کرنے والوں کو تمام تر سہولیات بآسانی میسر ہوں اور وہ اپنی عبادات اور مناسک پوری سہولت کے ساتھ انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت مملکت کی قیادت کی جانب سے حرمین شریفین اور اللہ کے مہمانوں کی خدمت پر بھرپور توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔دوسری جانب سقیا زمزم پراجیکٹ کے ڈائریکٹر مشاری المسعودی نے باور کرایا ہے کہ نئے واٹر کولروں کو مسجد حرام کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں یکساں طور پر تقسیم کیا جائے گا۔ نئے واٹر کولر اعلی کوالٹی کے حامل ہیں، پانی کو ٹھنڈا رکھتے ہیں اور موسمی حالات ان پر اثرا انداز نہیں ہوتے ہیں۔