حزب اللہ کا بنجامن نتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملہ

,

   

تل ابیب : صیہونی اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کے گھر پر لبنان کی جانب سے ایک ڈرون حملہ کیا گیا ۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان نے تصدیق کی کہ نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔نیتن یاہو کی رہائش گاہ شمالی اسرائیل کے شہر قیصریہ میں واقع ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ہفتہ کی صبح کو لبنان سے تین ڈرون لانچ کیے گئے جن میں سے ایک ڈرون نے ایک عمارت کو نشانہ بنایا جبکہ باقی دو ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے وضاحت نہیں کی تھی کہ کون سی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اب تصدیق ہو چکی کہ یہ دہشت گرد نیتن یاہو کا گھر تھا۔قیصریہ کے علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات ہیں، اور اسرائیل کی ایمبولینس سروس اور پولیس نے بھی ان کی تصدیق کی ، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ حملے کے بعد قیصریہ کے اوپر اسرائیلی جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر پرواز کر رہے ہیں، اور پولیس دستے اس طرف بڑھ رہے ہیں جہاں حملہ ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان سے شمالی اسرائیل پر تقریباً 55 میزائل داغے گئے ۔ یہ میزائل بالائی، مغربی، اور وسطی گلیلی کے مختلف شہروں اور قصبوں میں سائرن بجنے کا باعث بنے ہیں۔ کچھ میزائلوں کو فضاء میں تباہ کر دیا گیا جبکہ کچھ آبادی سے دور علاقوں میں گرے ۔ ان حملوں میں حیفا کے قریب دو افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔