حضرت سلطان الہند غریب نواز ؒ

   

حافظ صابر پاشاہ
عظیم مبلغ اسلام اور جلیل القدر صوفی حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ساتویں اور آٹھویں صدی ہجری کے ایک نہایت اہم بزرگ ہیں ۔ آپؒ والدکی طرف سے ’’حسینی‘‘اور والدہ کی طرف سے ’’حسنی‘‘ سیدیعنی آپ ’’ نجیب الطرفین سید‘‘ ہیں۔ آپؒ کاسلسلہ نسب تیرھویں پشت میں خلیفہ چہارم اور دامادِ رسول ﷺ امیرالمؤمنین حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ سے جا ملتا ہے۔ آپؒ ہندوستان میں اسلام کے اولین مبلغین میں سے تھے اور آپؒ کی کاوشوں سے لاکھوں افراد دائرہَ اسلام میں داخل ہوئے ۔ تمام عمر عشق الٰہی میں وارفتہ رہنے کے ساتھ محبت رسول اﷲ ﷺ میں سرشار رہے ۔ اپنے ملفوظات عالیہ میں حضور پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ذکر بہت ہی والہانہ انداز میں فرماتے تھے ۔آپؒ رات کو بہت کم آرام فرماتے اکثر عشاء کے وضو سے فجر کی نماز ادا کرتے تھے ۔ بالآخریہ عظیم پیکرعلم وعرفاں،، محبوبِ یزداں خواجۂ اجمیری رحمۃ اللہ علیہ ۶ رجب المرجب ۶۳۳ہجری ۱۲۳۶ء کو غروب ہو کرواصلِ ربِّ دوجہاں ہوگیا۔ روایات میں آتا ہے کہ جس وقت آپ کا وصال ہوا،آپ کی پیشانی مبارکہ پرنورانی خط میں تحریرتھا مَاتَ حَبِیْبُ اللہ،فِیْ حُبِّ اللہ یعنی اللہ کا دوست، اللہ کی محبت میں وصال فرماگیا۔