حضورنگر میں کانگریس کی انتخابی مہم عروج پر، ریونت ریڈی کا روڈ شو

   

عوام میں زبردست جوش و خروش، اتم کمار ریڈی اور محمد علی شبیر کے ہمراہ مسلمانوں سے ملاقات
حیدرآباد۔ 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) حضورنگر ضمنی چنائو کے سلسلہ میں کانگریس کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ملکاجگیری اے ریونت ریڈی نے آج صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سابق وزیر محمد علی شبیر کے ہمراہ حضورنگر کے مختلف علاقوں میں روڈ شو کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی حضورنگر میں دو دن تک قیام کرتے ہوئے کانگریس کے حق میں مہم چلائیں گے۔ انتخابی مہم کا کل 19 اکٹوبر کو آخری دن ہے اور ریونت ریڈی سینئر قائدین کے ہمراہ مختلف علاقوں میں روڈ شو کا اہتمام کریں گے۔ ریونت ریڈی نے حضور نگر میں مختلف طبقات سے ملاقات کی اور کانگریس کی تائید کی اپیل کی۔ جمعہ کے پیش نظر محمد علی شبیر اور ریونت ریڈی نے مسلمانوں سے ملاقات کرتے ہوئے کے سی آر کے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا حوالہ دیا اور کانگریس کی تائید کی اپیل کی۔ روڈ شو کے دوران ریونت ریڈی کی تقاریر پر عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ انہوں نے کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران جو وعدے کیے گئے تھے انہیں فراموش کردیا گیا ہے۔ اگر حضور نگر میں ٹی آر ایس کو شکست ہوتی ہے تو کے سی آر کو سبق ملے گا اور وہ عوام کی طرف دیکھنے کے لیے مجبور ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی عزت نفس کے تحفظ کے لیے حضورنگر میں کانگریس کو کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر میں کانگریس کی کامیابی تلنگانہ کے لیے بہتری کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت ووٹ کی تقسیم کو روکنے کے لیے تلگودیشم، بی جے پی، سی پی ایم اور تلنگانہ جناسمیتی کو کانگریس کے حق میں ووٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی کی 85 ہزار کروڑ مالیتی اثاثہ جات پر کے سی آر کی نظر ہے۔ ریونت ریڈی نے آر ٹی سی ہڑتال کی تائید کی اور کہا کہ ملازمین کے مطالبات جائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار آر ٹی سی ملازمین نے کے سی آر کی عامریت کے خلاف آواز بلند کی ہے جس طرح تلنگانہ جدوجہد کے ذریعہ حاصل کیا گیا تھا اسی طرح آر ٹی سی ملازمین اپنے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ بند کی تائید کی اور کہا کہ عوام کو بند میں حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور وزراء کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے نتیجہ میں کئی ملازمین نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے کہا کہ حضورنگر کی ترقی صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے۔ جس طرح اتم کمار ریڈی نے حضورنگر کو ترقی دی اسی طرح پدماوتی ریڈی بھی کام کریںگی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے دورے کی منسوخی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بارش کا بہانہ بناکر چیف منسٹر نے پروگرام منسوخ کردیا۔ دراصل وہ حضورنگر کے عوام کو چہرا دکھانے کے لائق نہیں تھے۔ کیوں کہ گزشتہ پانچ برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کامیابی کے لیے سرکاری مشنری کا بے جا استعمال کررہی ہے لیکن عوام ٹی آر ایس کو شکست دینے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے حق میں متحدہ رائے دہی کریں اور ٹی آر ایس قائدین کے وعدوں پر بھروسہ نہ کریں۔